سرفراز کو میچ فکسنگ کی پیکش کرنے والے بکی کو سزا مل گئی

دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو میچ فکسنگ کی آفر کرنے والے بکی عرفان انصاری پر انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کی جانب سے 10 سال کی پابندی عائد کردی گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے حکم جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عرفان انصاری ہر طرز کی کرکٹ سے دور رہیں گے ، انہوں نے اینٹی کرپشن کوڈ کی تین شقوں کی خلاف ورزی کی ہے جس پر انہیں دس سال پابندی کی سزا سنائی گئی ہے۔یاد رہے کہ عرفان انصاری پر پاکستان اور سری لنکا کے مابین اکتوبر 2017ءمیں کھیلی گئی سیریز کے دوران قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو رشوت کی پیشکش کا الزام تھا جو کہ ثابت ہو گیا جس کے بعد انہیں یہ سز ا سنائی گئی ہے، سرفراز احمد نے فوری طور پر عرفان انصاری کی اس پیشکش کو آئی سی سی کو رپورٹ کردیا تھا ۔عرفان انصاری ایک عرصے تک شارجہ کرکٹ کونسل کے کوچ رہنے کے ساتھ ساتھ ٹورنامنٹ کی تنظیمی کمیٹی کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔عرفان انصاری 3 دہائیوں سے شارجہ کرکٹ کونسل کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور شارجہ کرکٹ کے امور کے حوالے سے اہم شخصیت تصور کیے جاتے ہیں۔ وہ ال زید کرکٹ سٹیڈیم کے انچارج بھی رہ چکے ہیں جہاں وہ ٹورنامنٹس کے انعقاد کے حوالے سے مدد کرتے تھے۔

تعارف: newseditor