شارجہ (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان محمد سمیع نے پشاور زلمی کے خلاف ہیٹ ٹرک کے نیا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔جمعے کو پشاور زلمی کے خلاف میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان نے اپنے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے ناصرف ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا بلکہ ہیٹ ٹرک کا بھی کارنامہ انجام دیا۔شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کو میچ میں فتح کے لیے آخری اوور میں 19رنز درکار تھے اور وہاب ریاض نے پہلی گیند پر چھکا مار کر اسلام آباد یونائیٹڈ کے فینز کی خوشیوں پر پانی پھیرنے کی کوشش کی۔لیکن محمد سمیع نے اس مشکل صورتحال میں اعصاب پر قابو رکھا اور اگلی ہی گیند پر وہاب ریاض کو آؤٹ کرنے کے بعد اگلی دو گیندوں پر بھی وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کو میچ میں فتح سے ہمکنار کرانے کے ساتھ ساتھ ہیٹ ٹرک کرنے کا بھی اعزاز حاصل کر لیا۔اس کے ساتھ ہی محمد سمیع ٹی20 کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے دنیا کے سب سے زائد العمر کھلاڑی بن گئے، اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان نے یہ کارنامہ 37سال 363 دن کی عمر میں انجام دیا۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان محمد سمیع پاکستان سپر لیگ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے چوتھے باؤلر ہیں جہاں ان سے قبل محمد عامر، جنید خان اور عمران طاہر لیگ میں ہیٹ ٹرک کرنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔یاد رہے کہ محمد سمیع کا شمار دنیا کے ان چند باؤلرز میں ہوتا ہے جنہیں ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ دونوں میں ہیٹ ٹرک کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔مجموعی طور پر کرکٹ میں 7 ہیٹ ٹرک کا اعزاز رکھنے والے محمد سمیع نے 17سال قبل ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز میں ہیٹ ٹرک کرنے کے ساتھ ساتھ سری لنکا کے خلاف ایشین ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں سری لنکا کے خلاف لگاتار تین گیندوں پر تین وکٹیں لینے کا کارنامہ انجام دیا تھا۔