اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان اور انڈیا کے درمیان حالیہ کشیدگی پر ایک محب وطن پاکستانی کی حیثیت سے عالمی چمپین اور فخر پاکستان جان شیر خان کو بھی انتہائی تشویش ہے۔ اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے ورلڈ چمپین نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور پر امن ملک ہے جو کے اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ امن اور بھائی چارے سے رہنے پر یقین رکھتا ہے لیکن اگر ملکی سالمیت کو کسی بھی ملک سے کوئی خطرہ درپیش ہوا تو پھر اپنا دفاع کرنے کی بھر پور اہلیت رکھتا ہے جیسا کہ انڈیا کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود اور لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرنے پر دشمن کے دانت کھٹے کیے ہیں۔جان شیر خان نے کہا ہے کہ انڈیا کو ہوش کے ناخن لینے چاہیں کیونکہ اُسکی شر انگزی سے نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے کوناقابل تلافی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔انڈیا کو امن قائم رکھتے ہوئے مل بیٹھ کر تمام اختلافات حل کرنے کی پاکستانی خواہش کا احترام کرنا چاہیے اس میں ہی پورے خطے اور لوگوں کی بقاء ہے۔ قومی ہیرو جان شیر خان نے ایک محب وطن پاکستانی ہونے کا ثبوت فراہم کرتے ہوئے اپنی ہر طرح کی خدمت اپنی قوم و ملک کے لیے پیش کرنے کی خواہش کا اظہار کرئے ہوئے کہا کہ میں پاکستان ایر فورس میں JCO کے طور پر پہلے بھی اپنی خدمات سرانجام دیتا رہا ہوں اور مسلسل دس سال تک سکواش کے میدان میں نمبر1 کی پوزیشن برقرار رکھ کر میں نے پاکستان ایئر فورس اور اپنے ملک کا نام روشن کیا ہے جس پر مجھے فخر ہے۔جب بھی پاکستان ایئر فورس اور ملک کو میری ضرورت درپیش ہوئی تو میں دل و جان سے حاضر ہوں۔ کیونکہ مجھے ملک و قوم نے بہت عزت سے نوازا ہے اور اپنے ملک ہی کی وجہ سے دنیا میں میری پہچان بنی ہے۔ اگر میں اپنے ملک و قوم کے کسی بھی کام آ سکوں تو یہ میرے خوش قسمتی ہوگی۔