دبئی(عبدالرحمان رضا)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 21ویں میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔دبئی اسپورٹس سٹی میں کھیلے جانے والے اس میچ میں پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیوک رونکی تو اپنا جادو نہ چلا سکے اور 9 رنز بنانے کے بعد حسن علی کی گیند پر ابتسام شیخ کی گیند پر عمر امین کو کیچ دے بیٹھے۔تاہم گزشتہ چند میچوں سے مسلسل ناکامی کا سامنا کرنے والے کیمرون ڈیلپورٹ نے اس مرتبہ 71 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر لیوک رونکی کے نقصان کو پورا کیا۔انہوں نے پہلے 28 رنز بنانے والے فلپ سالٹ کے ہمراہ 46 رنز کی پارٹنرشپ جبکہ 22 رنز بنانے والے والٹن کے ہمراہ 73 رنز کی پارٹنرشپ قائم کرکے ٹیم کو بڑے اسکور کی جانب گامزن کیا۔کمیرون ڈیلپورٹ 71 رنز بنانے کے بعد 17ویں اوور میں حسن علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے تھے، تو آصف علی نے 2 چھکوں کی مدد سے 23 رنز بنائے۔تاہم وہاب ریاض نے زلمی کی جانب سے آخری اوور کروایا اور اس اوور میں یونائیٹڈ کے 4 کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔
پشاور زلمی نے اپنے تجربے اور صلاحیت کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اننگز کی آخری گیند پر ہدف پورا کرکے اسلام آباد یونائیٹڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔اننگز کا آغاز کامران اکمل اور آندرے فلیچر نے کیا اور دونوں نے 37 رنز کا آغاز فراہم کیا، یہاں کامران اکمل ظفر گوہر کی گیند پر 19 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوگئے۔ٹیم کا اسکور کارڈ 58 پر پہنچا تو آندرے فلیچر بھی 21 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے جبکہ ان کے بعد 69 کے مجموعے پر امام الحق اور 6 رنز بنانے والے عمر امین بھی پویلین لوٹ گئے۔ایسے میں ٹیم کو ایک مرتبہ پھر ویسٹ انڈیز کے کیرون پولارڈ پر انحصار کرنا تھا، لیکن وہ بھی 84 کے مجموعے پر صرف ایک رنز بنانے کے بعد اسٹمپ ہوگئے۔ایسے میں لیام ڈاسن اور کپتان ڈیرن سیمی نے ٹیم کو جیت کی راہ پر گامزن کرنے میں اہم کردار ادا کیا جس کی شروعات اس وقت ہوئی جب زلمی کو آخری 8 اوور میں جیت کے لیے 91 رنز درکار تھے۔اننگز کا 13واں اوور اسلام آباد یونائیٹڈ کے فہیم اشرف نے کیا جس نے میچ کو مکمل طور پر زلمی کے پلڑے میں رکھ دیا۔اس اوور میں لیام ڈاسن نے فہیم اشرف کو 3 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 27 رنز بنا کر بڑھتے ہوئے مطلوبہ رن اوسط کو کم دیا۔ڈیرن سیمی 40 رنز بنانے کے بعد میچ آخری اوور میں رن آؤٹ ہوگئے، تاہم لیام ڈاسن نے آخری گیند پر چوکا لگا کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔پشاور زلمی نے 8 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن سنھبال لی ہے، اس سے قبل پی ایس ایل کے 19ویں میچ میں زلمی نے کیرون پولارڈ اور عمر امین کی نصف سنچریوں کی بدولت ملتان سلطانز کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ معمولی رن ریٹ میں کمی کے باعث 8 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر براجمان ہے، اس لیے یہ میچ دونوں ٹیموں کے لیے اہمیت کا بھی حامل ہوگا۔پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی میں اکثر کپتان ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہیں مگر گزشتہ میچوں میں ہمارے باؤلرز نے بہت زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جس کے باعث ہم نے پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان محمد سمیع ٹیم میں واپس آگئے ہیں۔