دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ) نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں 200رنزناٹ آٹ کی اننگز کھیل کر نئی آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں کیریئر کے بہترین رینکنگ پوائنٹس(915) حاصل کرلیے ہیں ۔ولیمسن کی اپنے ٹیسٹ کیریئر کی دوسری ڈبل سنچری نے انہیں897پوائنٹس سے915پوائنٹس تک پہنچایا ہے اور وہ اب پہلے نمبر پر موجود بھارتی کپتان ویرات کوہلی (922)سے محض7پوائنٹس پیچھے رہ گئے ہیں ،سیریز میں ابھی 2ٹیسٹ میچز باقی ہیں اور کین ولیمسن کے پاس ایک بار پھر پہلی پوزیشن اپنے نام کرنے کا سنہری موقع موجود ہے،وہ اس سے قبل2015کے آخر میں بھی دنیا کے بہترین ٹیسٹ بلے باز رہ چکے ہیں ،کین ولیمسن کے علاوہ سر رچرڈ ہیڈلی(909) ہی ٹیسٹ رینکنگ میں 900پوائنٹس کا سنگ میل عبور کرنے والے کیوی کھلاڑی رہے ہیں ۔کیوی اوپنر ٹام لیتھم پہلے ٹیسٹ میں161رنز سکور کرکے رینکنگ میں ایک درجہ ترقی کے ساتھ11ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں اور ان سے تین پوائنٹس آگے جنوبی افریقی کپتان فاف ڈوپلیسی702پوائنٹس کے ساتھ موجود ہیں ، جیت راول 7نصف سنچریوں کے بعد اپنے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی سنچری مکمل کرنے کے بعد5درجے ترقی پاکر33ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں ،پاکستان کے اسد شفیق بھی ترقی کے بعد21ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ اظہر علی نے23ویں پوزیشن سنبھال لی ہے۔