پشاور(سپورٹس لنک رپورٹ)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ ہم پشاور میں نیشنل گیمز کرانے کے لئے تیار ہیں اگر ہمیں ان گیمز کی میزبانی ملتی ہے تو اس سلسلے میں کوئی تاخیر نہیں کرینگے گزشتہ روز سابق صوبائی وزیر کھیل سید عاقل شاہ سے ملاقات میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے نیشنل گیمز کے حوالے سے اپنی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ‘قبل ازیں سابق صوبائی وزیر کھیل سید عاقل شاہ نے انہیں بریفنگ دی جس میں انہیں بتایا کہ پی او اے نے بلوچستان کو نیشنل گیمز کی میزبانی دی تھی اکتیس مارچ کو پی او اے کے اجلاس میں اس سلسلے میں حتمی فیصلہ کیا جائیگا اور اگر کسی وجہ سے بلوچستان میں یہ گیمز نہ ہوسکیں تو اس کے لئے ہم میزبانی کی پیشکش کرینگے جس پر وزیراعلیٰ محمود خان نے انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی جس پر سید عاقل شاہ نے ان کو خراج تحسین پیش کیا۔خیبر پختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن 6 مرتبہ نیشنل گیمز کی میزبانی 1958 ‘1974 ‘1982 ‘1990 ‘1998 اور 2010 میں کرچکا ہے اور اگر اس مرتبہ گیمز کی میزبانی خیبر پختونخوا کو ملی تو یہ ساتویں مرتبہ ہوگی ‘33 ویں نیشنل گیمز کی میزبانی کا حتمی فیصلہ اکتیس مارچ کو متوقع ہے۔میزبانی ملنے کے بعد ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس کی طرف سے باقاعدہ سمری وزیراعلیٰ کو بھجوائی جائے گی تا کہ 150 ملین روپے کے فنڈز کی منظوری لی جاسکے گیمز سے پہلے کھیلوں کی سہولتوں کی بہتری کے لئے بھی کام کیاجائے گا جس میں ایتھلیٹکس ٹارٹن ٹریک سمیت دیگر سہولتوں کو اپ گریڈ کیا جائے گا‘سابق صوبائی وزیر کھیل سید عاقل شاہ نے گیمز کے لئے گرین سگنل دینے پر وزیراعلیٰ محمود خان کا شکریہ ادا کیا انہوں نے بتایا کہ 1998 اور 2010 کی نیشنل گیمز جو ہم نے کرائی تھیں کو بہترین گیمز قرار دیا گیا تھا اور اب ایک مرتبہ پھر ہم اپنی بہترین صلاحیتوں کے پیش نظر ان گیمز کو بھی مثالی بنائیں گے ۔