لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آل راؤنڈر شین واٹسن نے پاکستان آنے کے حوالے سے اہم پیغام جاری کردیا ۔ 37سالہ شین واٹسن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں لکھاکہ” پاکستان کا دورہ کیے14سال ہوگئے ہیں ،پاکستان وہ جگہ ہے جہاں دنیا کے بہترین کرکٹ کے چاہنے والے موجود ہیں،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے ٹرافی جیتنے کے لیے بھرپور محنت کرنے کے لیے تیار ہوں “۔یاد رہے کہ آسٹریلوی آل راونڈر شین واٹسن اپنی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ کراچی جائیں گے،شین واٹسن پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز کے خلاف میچ سمیت دیگر تمام میچوں میں حصہ لیں گے، ذرائع کے مطابق انھوں نے یہ فیصلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر کی درخواست پرکیا، منیجر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اعظم خان نے بھی شین واٹسن کے پاکستان آنے کی تصدیق کر دی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ واٹسن کو آج صبح 5 بجے تک پاکستا ن آنے کے لیے قائل کرنے کی کوشش ہوتی رہی جس میں کامیابی مل ہی گئی، ٹیم مینجمنٹ نے انھیں بتایا کہ پاکستان کے حالات اب اچھے ہیں اور انھیں وہاں سکیورٹی کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہوگا جس کے بعد شین واٹسن نے اہل خانہ سے مشاورت کے بعد ہاں کر دی، کینگرو آل راؤنڈر اس سے قبل وہ پاکستان نہ جانے کا عندیہ دے چکے تھے۔کوئٹہ کا اب اتوار کو کراچی کنگز سے نیشنل سٹیڈیم میں مقابلہ ہونا ہے،پی ایس ایل کھیلنے والے ملکی کرکٹرز آج شام پاکستان پہنچ رہے ہیں جب کہ واٹسن سمیت غیرملکی کھلاڑی اتوار کو دبئی سے آئیں گے۔واضح رہے شین واٹسن پاکستان سپر لیگ فور میں اب تک 9 میچوں میں 332 رنز بنا چکے ہیں۔یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے زیر اہتمام پاکستان سپر لیگ کا چوتھا ایڈیشن 14 فروری سے یو اے ای اور پاکستان میں شروع ہوگیا ہے ، لیگ کا فائنل 17مارچ کو نیشنل سٹیڈیم، کراچی میں کھیلا جائے گا، لیگ میں 6 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے پنجہ آزمائی کریں گی، لیگ راؤنڈ روبن فارمیٹ کے تحت کھیلی جائےگی۔