مشیر ربانی کرکٹ ٹورنامنٹ، افتتاحی میچ میںکے جی اے نے میمن جیم خانہ کو ہرادیا

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) مشیر ربانی کی کھیلوں میں گرانقدر خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ان کے نام سے موسوم ٹورنامنٹ کا انعقاد کرنے پر شاہین جیم خانہ اور سعید اختر سی سی کو زبردست خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے بعدازمرگ بھی مرحوم کی خدمات کو یاد رکھا۔ انشاء اﷲ مشیر ربانی کی کھیلوں میں خدمات کے مشن کو بھرپور انداز میں آگے بڑھایا جائے گاجس کے لیے آپ سب حضرات کے تعاون کے طلبگار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار راشد ربانی، کوارڈنیٹر وزیر اعلیٰ سندھ نے مشیر ربانی ٹی ٹوئنٹی میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں بحیثیت مہمان خصوصی کے جی اے جیم خانہ گراؤنڈ پر کیا۔ تقریب سے سراج الاسلام بخاری،چیئرمین ٹورنامنٹ کمیٹی شوکت راجپوت آرگنائزنگ سیکریٹری عباس نواز نے بھی خطاب کیا ۔ مقررین نے کہا کہ مشیر ربانی نے نہ صرف کرکٹ بلکہ دیگر کھیلوں میں بھی نمایاں خدمات انجام دیں بالخصوص کے سی سی اے زونIIIکے چیئرمین اور کے سی سی اے کے خازن کی حیثیت سے ان کی خدمات کو فراموش نہیں کی جاسکتا۔ کرکٹ کو فروغ دے کر ہم ان کے نام کوزندہ رکھ سکتے ہیں جس کیلئے ہم اپنی بے لوث خدمات پیش کرنے کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں گے۔ اس موقع پراوصاف ربانی، معظم قریشی، محمد طاہر، زیب اقبال،اختر وارث، محمد مشتاق، سراج پلہ، حسین علی مرچنٹ، ذوالفقار پی خان ودیگر بھی موجود تھے۔ ذوالفقار پی خان نے پورے ٹورنامنٹ کیلئے گیندیں اسپانسر کرنے کا اعلان کیا جس کا شرکا کی جانب سے پُرجوش خیرمقدم کیا گیا۔افتتاحی میچ سے قبل مشیرربانی کی ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ افتتاحی میچ میں کے جی اے جیم خانہ نے میمن خانہ کو 7وکٹوں سے شکست دی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے میمن جیم خانہ نے مقررہ 20اوورز میں9وکٹوں پر 164رنز اسکور کئے۔ حمزہ نعیم نے 35گیندوں پر 55رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ وارث علی نے 33جبکہ عمر خاناور ندیم نے 17,17رنز اسکور کئے۔ فراز مسیح نے 3کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا۔ فیبین راڈیگرز کو 2وکٹ ملے۔ جوابی اننگز میں کے جی اے جیم خانہ کو مطلوبہ ہدف کے حصول میں کسی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔اور 3وکٹوں پر 166رنز باآسانی حاصل کرلئے گئے۔ سائمن نے 35گیندوں پر 61اور ونود نے 53رنز بنا کر اپنی ٹیم کی فتح کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔عمر خان کو 24رنز کے عوض 2وکٹ ملے۔

تعارف: newseditor