عالمی شہرت یافتہ امریکی سائیکلسٹ کیلی کیٹلین نے خود کشی کرلی

سکرامنٹو(سپورٹس لنک رپورٹ) عالمی شہرت یافتہ امریکی سائیکلسٹ اور اولمپئین میڈلسٹ تئیس سالہ کیلی کیٹلین نے مبینہ طور پر خود کشی کرلی۔تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا کر کئی اعزاز حاصل کرنے والی خاتون سائیکلسٹ کیلی کیٹلین نے مبینہ طور پرخود کشی کی ہے، نیشنل سائکلنگ بورڈ نے ان کی موت کو ناقابل تلافی نقصان قرار دے دیا۔امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ کیلی کیٹلین کا شمار اُن مایہ ناز خواتین سائیکلسٹ میں تھا، جنہوں نے لگاتار دوہزارسولہ، سترہ اور اٹھارہ کے مقابلوں میں امریکی سائیکلنگ ٹیم کو عالمی چمپئین بنایا۔اولمپک گیمز میں بھی کیلی نے امریکا کی نمائندگی کرتے ہوئے سلور میڈل حاصل کیا، کیٹلین کے اہلخانہ نے ان کی موت کی وجہ خود کشی بتائی ہے۔امریکی ریاست کیلی فورنیا میں قائم اسٹینڈ فورڈ یونیورسٹی کے ہاسٹل میں کیٹلین مردہ حالت میں پائی گئی، روم میٹ کی اطلاع پر لاش کو اسپتال منتقل کیا گیا۔وہ تین بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹی تھی، ایک سائیکلسٹ ہونے کے باوجود یونیورسٹی میں انجینئرنگ کی طالبہ تھی اور امتحانات میں نمایاں نمبروں سے پاس ہوتی تھی۔کیٹلین کے والد نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ‘میرے لیے یہ موت ناقابل یقین ہے، ایک لمحہ ایسا نہیں گزر رہا جو اس کی یاد سے غافل ہو‘۔پولیس کا کہنا ہے کہ تئیس سالہ خاتون سائیکلسٹ کی مبینہ خود کشی سے متعلق تحقیقات کررہے ہیں، ابتدائی اطلاعات کے مطابق کیٹلین کئی مہینوں سے ذہنی دباؤ کا شکار تھی۔

تعارف: newseditor