آسٹریلین ہائی کمشن اور کنیئرڈ کالج کے اشتراک سے ہونے والے گرلز کرکٹ کپ ختم

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ کرکٹ میں خواتین میں بہت ٹیلنٹ ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب خواتین کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہار کے لئے بھرپور مواقع فراہم کررہا ہے، اپریل میں ہونیوالی 72ویں پنجاب گیمز میں بھی خواتین کھلاڑی کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لے رہی ہیں، پنجاب گیمز کے انعقاد سے سپورٹس کو فروغ ملے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کنیئرڈ کالج میں آسٹریلین ہائی کمشن اور کنیئرڈ کالج کے اشتراک سے ہونے والے گرلز کرکٹ کپ کی اختتامی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا، تقریب میںآسٹریلین ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن ،پرنسپل کنیئرڈ کالج رخسانہ ڈیوڈ، ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی و دیگر نے بھی شرکت کی،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے، ڈائریکٹر جنر ل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے مزید کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب سپورٹس کو فروغ دینے کے مسلسل ایونٹس منعقد کررہا ہے اور نوجوان مکمل دلچسپی سے ان میں حصہ لے رہے ہیں، ہر ایونٹ میں خواتین کو بھی شامل کیا گیا ہے، لڑکوں کے ساتھ ساتھ لڑکیوں میں بھی کرکٹ کا کھیل مقبول ہے اور خواتین کرکٹرز کی بہت بڑی تعداد کرکٹ کی جانب آرہی ہے،سپورٹس بورڈ پنجاب نے کرکٹ کو فروغ دینے کے لئے مختلف شہروں میں کرکٹ گرائونڈز بنائے ہیں جن میں جدید سہولتیں فراہم کی ہیں، خواتین میں کرکٹ کو فروغ دینے کے لئے سب سے تعاون کرنے کے لئے تیار ہیں

انہوں نے مزید کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب 8 سال بعد پنجاب گیمز اپریل میں منعقد کروا رہا ہے، جس میں 9ڈویژنز سے مردوخواتین کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، نیا ٹیلنٹ سامنے لانے کے لئے سکولوں سے کھلاڑی تلاش کرنا ہوں گے، پنجاب گیمز سے کھلاڑیوں کی نئی کھیپ ابھر کر سامنے آئے گی

خواتین بھی سپورٹس میں حصہ لیں اور اپنی صلاحیتوں کو سامنے لائیں، سپورٹس بورڈ پنجاب ان سے مکمل تعاون کرے گا۔ اختتامی تقریب میںکنیئر ڈ کالج کی پرنسپل رخسانہ ڈیوڈ نے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور کو سوینئر پیش کیا، کھلاڑیوں نے ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور کے ساتھ گروپ فوٹوز بھی بنوائے، گرلز کرکٹ کپ میں 6سکولوں کی ٹیموں نے حصہ لیا، کنیئرڈ کالج کی ٹیم فاتح رہی۔

تعارف: newseditor