کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کے سی سی اے زونVIIکی زیرنگرانی جاری فضل محمود نیشنل کلب چمپئن شپ میں کھیلے گئے دو میچوںمیں جوابی بیٹنگ کرنے والی ٹیموں کو واضح کامیابی حاصل ہوئی۔ ناظم آباد جیم خانہ نے پریمئر سی سی کو 8وکٹوں کی9 ہزیمت سے دوچار کیا.فواد خان کے 4شکار‘ ذاکر ملک کی نصف سنچری۔رینجرز سی سی نے التاج اسپورٹس کیخلاف 6وکٹوں سے فتح اپنے نام کی۔ احمد حسین کے 30رنز اور ریحان علی کے 4شکارکارامد‘ عبدالواحد کے 30رنز لاحاصل رہے۔ناظم آباد جیم خانہ گراؤنڈ ر پریمئر سی سی نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 29.4اوورز میں 82رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ واجد خان نے 2چوکے لگا کر 20، سجاد رحمن کے 19رنز میں 3چوکے جبکہ فراز احمد نے ایک چوکا لگا کر 14رنز اسکور کئے۔ فواد خان نے 20رنز کے عوض 4حریف بلے بازوں کو چلتا کیا۔ توقیر ملک نے 12رنز اور اکرام الحق نے 19رنز کے عوض 3,3کھلاڑیوںکو میدان بدر کیا۔ناظم آباد جیم خانہ نے جوابی اننگز میں مطلوبہ ہدف باآسانی 2وکٹیں گنوا کر حاصل کرلیا۔ ذاکر ملک نے 9چوکوں اور 2چھکوں کی مدد سے 53رنز اسکور کئے۔ حمزہ قادر کے 17رنز میں 2چوکے شامل تھے۔ساجد الرحمن اور سجاد رحمن کے ہاتھ ایک ایک وکٹ لگی۔ایمپائرز آل حیدر اور طاہر رشید جبکہ سید عمران علی آفیشل اسکورر تھے۔آصف اسپورٹس گراؤنڈ پر کھیلے گئے میچ میں التاج اسپورٹس نے پہلے اننگز کا آغاز کیا اور 25.3اوورز کا سامنا کرکے 86رنز پر پوری ٹیم نے پویلین کا رخ کیا۔ عبدالواحد 4چوکے لگا 30رنز کے ساتھ اپنی ٹیم کے ٹاپ اسکورر بنے۔ نعمان آفریدی نے 2چوکوں کی مدد سے 13رنز اور سراج خان نے 12رنز اسکور کئے۔ ریحان علی نے جارحانہ اور کفایتی بولنگ سے 4وکٹیں 9رنز کے عوض حاصل کیں۔ناصر علی اور صادق خان کے حصہ میں 2,2وکٹیں آئیں۔ رینجرز سی سی نے مطلوبہ ہدف باآسانی 4وکٹوں پر حاصل کرلیا جب 9.5اوورز میں 84رنز جوڑے گئے۔احمد حسین نے 4چھکے لگا کر 30رنز اسکور کئے۔ محمد حنیف کی 28رنز کی اننگز 5چوکوں اور ایک چھکے کی مرہون منت تھی۔اسد عباس نے 17رنز میں 3چوکے لگائے۔زاہد ابراہیم نے 18رنز پر 2کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا۔ ایمپائرز محمد یونس اور عمران جاوید جبکہ آفیشل اسکورر جنیدی افضل تھے۔