کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے تشکیل دیے گئے پینل نے پی ایس ایل 4 کے بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل 12 رکنی ٹیم تشکیل دی ہے جس کا کپتان اے بی ڈویلیئرز کو منتخب کیا گیا ہے۔مدثر نظر، رمیز راجا اور ڈینی موریسن پر مشتمل تین رکنی پینل نے کھلاڑیوں کی ان کی پرفارمنس کی بنیاد پر انتخاب کیا اور ایک 12 رکنی ٹیم تشکیل دی۔پی ایس ایل کے فارمیٹ کے مطابق ہی کھلاڑیوں کا انتخاب عمل میں لایا گیا، جس میں 4 غیرملکی کھلاڑیوں سمیت ایمرجنگ کھلاڑی بھی شامل ہیں۔پی سی بی کے مطابق 12 رکنی ٹیم میں شین واٹسن، وکٹ کیپر کامران اکمل، بابر اعظم، کپتان اے بی ڈویلیئرز، کولن انگرام، آصف علی،کیرون پولارڈ، فہیم اشرف، وہاب ریاض، حسن علی اور عمر خان ٹیم کا حصہ ہیں جب کہ لاہور قلندرز کے سندیپ لمی چانے کو بارہویں کھلاڑی کی حیثیت سے رکھا گیا ہے۔لاہور قلندرز کی ٹیم ایونٹ میں آخری نمبر پر آئی لیکن اس کے کپتان اے بی ڈویلیئرز نے 7 میچز میں 54.5 کی اوسط اور 129 کے اسٹرائیک ریٹ سے 218 رنز بنائے، اس پرفارمنس پر انہیں پی ایس ایل کی ٹیم کا کپتان منتخب کیا گیا۔ یاد رہے کہ کوئٹہ کے نوجوان فاسٹ بولر محمد حسنین نے فائنل میچ کے ‘بہترین کھلاڑی’ کا ایوارڈ حاصل کیا جب کہ شین واٹسن کو بہترین بیٹسمین اور ‘پلیئر آف دی ٹورنامنٹ’ کا ایوارڈ دیا گیا۔پشاور زلمی کے حسن علی نے ٹورنامنٹ کے بہترین بولر، کیرن پولارڈ نے آل رانڈ پرفارمنس اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے آصف علی نے اسپرٹ آف کرکٹ کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔