سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن سندھ (سجاس) کے تحت سالانہ ایوارڈ ز کی تقریب

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن سندھ (سجاس) کے تحت سالانہ ایوارڈ ز کی تقریب اور سیمینار بعنوان ’’ کھیلوں کے صحافی بطور امن کے سفیر‘‘ گزشتہ روزکراچی جمخانہ میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے چیف سلیکٹر اولمپیئن منظور جونیئر مہمان خصوصی تھے جنہوں نے پیٹرن سجاس ڈاکٹر جنید علی شاہ فرحان عیسیٰ کے ساتھ باصلاحیت کھلاڑیوں اور صحافیوں میں ایوارڈ ز تقسیم کئے۔ تقریب کے دوران سجاس کے بانی ممبر اور پہلے منتخب صدر راشد صدیقی مرحوم سے منسوب پانچ ینگ ٹیلنٹ ایوارڈز نو عمر ایتھلیٹ فاطمہ ثناء خان ، ایشین ٹیم اسنوکر چیمپئن ذوالفقار اے قادر، ٹیبل ٹینس پلیئر ماسٹر ارحم بن فرخ، اسپیشل ایتھلیٹ ساجدہ بی بی اور ٹیبل ٹینس پیکئر حور فاطمہ فواد کو دیئے گئے ، باؤلنگ پلیئر علی سوریا ، محمد راشد اور بیس بال کھلاڑی شیراز آصف کو سجاس نے سجاس اسپیشل ایوارڈز وصول کئے ۔

اس موقع پر چھ اسپورٹس جرنلٹس عالم زیب ، یاور عباس ،علی حسن ،شاہ زیب بیگ، احسان خان اور شہزادہ معین کو حسن کارکردگی ایوارڈز سے نوازا گیا جبکہ سینئر صحافی و ٹی وی اینکر مرزا اقبال بیگ کو کھیلوں کی مثالی رپورٹنگ کے اعتراف میں دوسرا ڈاکٹر محمد علی شاہ گولڈ میڈل سے نوازا گیا ۔ تقریب کے دوران گزشتہ 24 سال سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں ٹینس کے میدان میں ملک وقوم کا نام روشن کرنے والے اسٹارپلیئر عقیل خان کو سجاس کی جانب سے خصوصی گولڈ میڈل دیا گیا ۔اس موقع پر سجاس کے ساتھ گزشتہ چار سال سے بھرپور تعاون کرنے پر کراچی سٹی اسپورٹس ایسوسی ایشن کے محمد اسلم خان، صحافی ارشاد ساٹی، محمد نسیم کے ڈی اے،کراچی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق جوائنٹ سیکریٹری محمد جمیل، پاکستان ہاکی انسٹی ٹیوٹ کے بانی چیئرمین پروفیسرراؤ جاوید اقبال، سیکریٹری کراچی ہاکی ایسوسی ایشن حیدر حسین، نائب صدر پاکستان باؤلنگ ایسوسی ایشن خواجہ احمد مستقیم کو یادگاری شیلڈ ز دے کر ان کی خدمات کو سراہا گیا۔تقریب کے دوران ایگزیکٹو کمیٹی سجاس کے اراکین سجاد خان، جاوید اقبال، اسحاق بلوچ، حسنین انور، محمود ریاض ،محسن رضا، شاہد علی خان، عمر شاہین، عبید اعوان،عباد اﷲ خان سمیت اعرازی رکن کاشف فاروقی اور پاکستان رائٹرز اسپورٹس فیڈریشن کے رکن امتیاز علی نارنجا، سینئر صحافی راشد عزیز، پیٹرن سجاس ڈاکٹر فرحان عیسیٰ کو بھی خصوصی شیلڈزدی گئیں ۔ اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیف سلیکٹر منظور جونیئر کا کہنا تھا کہ کھیلوں کے فروغ میں میڈیا کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا

کسی بھی کھلاڑی کی صلاحیتوں کو سامنے لانے میں اسپورٹس جرنلسٹس اہم ہوتے ہیں۔ سجاس کچھ عرصے میں ابھر کر سامنے آئی اور آج کا مجمع دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے ، امید ہے کہ مستقبل میں یہ باڈی اسپورٹس جرنلسٹس کے لئے مزید بہتر طور پر کام کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی ان کے خون میں شامل ہے اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ایک چیلنج سمجھ کرپی ایچ ایف میں عہدہ سنبھالا ہے ۔ جب ہاکی چھوڑی تھی تو میرے عروج کا دور تھا اور آج پاکستان ہاکی کے زوال پر فیڈریشن کو جوائن کیا تاہم یہ عزم کر رکھا ہے کہ انشا اﷲ ایک مرتبہ پھر قومی کھیل کے درخشاں ماضی کو واپس لائیں گے۔ قومی ہاکی جارحانہ انداز نہ اپنانے کی وجہ سے مار کھا رہی ہے ۔ اس کھیل کو برا بھلا کہہ سکتے ہیں اور نہ ہی ہاکی کی توہین برداشت کریں گے۔ ٹینس اسٹار عقیل خان نے ایوارڈ کیلئے سجاس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی میں میڈیا کا نمایاں کردار ہوتا ہے اور ان کا ارادہ ہے کہ وہ کھیل سے ریٹائرمنٹ کے بعد اپنی اکیڈمی قائم کریں گے۔ تقریب سے پاکستان بلیئرڈز اینڈ اسنوکر فیڈریشن کے صدر عالمگیر شیخ، ،پیٹرن سجاس ڈاکٹر جنید علی شاہ ، ڈاکٹر فرحان عیسیٰ، اقبال منیر اور دیگر مقررین نے خطاب کیا ۔ اس موقع پر ہاکی اولمپیئن افتخار سید ، خالد رحمانی ، سرور حسین ، انجینئر محفوظ الحق اور دیگر عمائدین موجود تھے۔تقریب کے آغاز پر سیکریٹری سجاس نے خطبہ استقبال پیش کیا اور سجاس کی کار کردگی پر روشنی ڈالی۔ تقریب کے اختتام پر سجاس کے صدر طارق اسلم نے شرکاء کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔

تعارف: newseditor