لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی نے چند روز تک شائقین کرکٹ کو اپنی شادی کے بارے میں شش و پنچ میں مبتلا رکھنے کے بعد بھارتی لڑکی سے شادی کرنے کا باقاعدہ اعلان کردیا ۔حسن علی کی ہونے والی دلہن کا تعلق ہریانہ بھارت سے ہے۔ وہ غیر ملکی ایئرلائن سے وابستہ ہیں اور والدین کے ساتھ دبئی میں مقیم ہیں۔ انہوں نے یونیورسٹی سے انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی ہوئی ہے۔حسن علی کی سامعہ سے پہلی ملاقات دبئی میں ہوئی تھی۔حسن علی نے کہا کہ میڈیا میں میر ی شادی کے حوالے سے چلنے والی خبریں ٹھیک ہیں لیکن میری ہونے والی دلہن کا نام شامعہ نہیں بلکہ سامعہ ہے اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تصاویر جعلی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے خاندان نے فی الحال میری ہونے والی دلہن کی تصاویر جاری کرنے سے منع کیا ہے۔ حسن علی نے بتایا کہ میر ی سامعہ سے ملاقات ایک سال پہلے دبئی میں ایک ڈنر میں ہوئی تھی۔میرے بھائی اور بھابھی نے سامعہ کے خاندان سے ملاقات کی ہے ۔میں سامعہ سے شادی کروں گا اور یہ شادی پاکستانی روایات کے مطابق ہوگی ۔20اگست کو دبئی میں نکاح ہوگا۔ نکاح کی تقریب میں فیملی اور دوست شرکت کرینگے ۔ولیمہ کی تقریب پاکستان میں ہوگی ۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ سامعہ سے پیار کا اظہار پہلے میں نے کیا اور اسے شادی کی پیشکش کی ۔ سامعہ پہلے شرما گئی اور بعد میں شادی کیلئے ہاں کردی۔ مجھے سامعہ کی ایمانداری پسند آئی جبکہ سامعہ کو کرکٹ سے بالکل لگاؤ نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نکاح کے موقع پر میری شیروانی سرخ اور سیاہ کلر کی ہوگی جبکہ میری دولہن بھارتی عروسی لباس پہنیں گی۔ واضح رہے کہ حسن علی سے قبل سابق ٹیسٹ کرکٹر ظہیر عباس ،محسن خان ،شعیب ملک بھارتی دوشیزاؤں کو اپنی دلہن بناچکے ہیں جبکہ حسن علی چوتھے پاکستانی کرکٹرہیں جو کہ بھارتی دلہن بیاہ کر لائیں گے۔