لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے اپنے کیرئیر میں حریف سمجھے جانے والے جنوبی افریقی پیسر ڈیل اسٹین کی تعریف کردی۔جنوبی افریقی پیسر ڈیل اسٹین نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر منٹ کا اعلان کیا جس کے بعد محمد حفیظ نےاپنے ٹوئٹر کے پیغام میں انہیں شاندار ٹیسٹ کیرئیر کی مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے اپنے کیرئیر میں ڈیل اسٹین سے زیادہ تیز اور جارح فاسٹ باؤلر نہیں دیکھا ۔انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں جنوبی افریقی پیسر کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔دنیائے کرکٹ میں یہ دونوں کھلاڑی حریف سمجھے جاتے ہیں کیونکہ محمد حفیظ تینوں فارمیٹ میں مجموعی طور پر28 میچوں میں 15مرتبہ پروٹینز پیسر ڈیل اسٹین کا شکار ہوئے۔ڈیل اسٹین کے پاس قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ کو سب سے زیادہ بار آؤٹ کرنے کا ریکارڈ موجود ہے۔
کرکٹ مبصرین کے مطابق محمد حفیظ ڈیل اسٹین کی باؤلنگ سے خوفزدہ ہوجاتے تھے جس کی وجہ سے اپنی وکٹ گنوا بیٹھتے تھے ۔ اس بات کا اعتراف حفیظ خود بھی کر چکے ہیں ۔واضح رہے کہ ڈیل سٹین کا محمد حفیظ کے خلاف ریکارڈ انتہائی شاندار ہے اور انہوں نے 2007ءسے 2019ءکے دوران انٹر نیشنل کرکٹ میں پاکستانی آل راؤنڈر کو 26میچز میں 14.93کی اوسط سے 15مرتبہ آؤٹ کررکھا ہے ،پروٹیز پیسر نے 3مرتبہ پاکستانی بلے باز کو کھاتہ کھولنے کا موقع بھی نہیں دیا تھا ۔ٹیسٹ کرکٹ ہو یا ون ڈے، اسپیڈ کنگ ڈیل اسٹین کے سامنے پاکستانی آل راؤنڈر کے سارے فارمولے دھرے رہ جاتے تھے ۔
ڈیل اسٹین کے خلاف محمد حفیظ کا بیٹنگ اوسط صرف 10 رنز فی اننگ ہے ۔واضح رہے کہ پیر کے روز جنوبی افریقی پیسر ڈیل اسٹین نے ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا، وہ ون ڈے اور ٹی 20 کرکٹ میں بدستور ٹیم کیلئے دستیاب ہوں گے۔ڈیل اسٹین نے 93 ٹیسٹ میچز میں جنوبی افریقی ٹیم کی نمائندگی کی، جس میں انہوں نے 439 وکٹیں اپنے نام کیں جبکہ بیٹنگ میں انہوں نے 2 نصف سنچریوں کے ساتھ 1251 رنز بنارکھے ہیں۔ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے ڈیل اسٹین نے کہا کہ آج میں کرکٹ کے اپنے پسندیدہ فارمیٹ کو خیر باد کہہ رہا ہوں، میری رائے میں ٹیسٹ کرکٹ ہی بہترین فارمیٹ ہے، جس میں ذہنی، جسمانی اور جذباتی مزا موجود ہے۔