لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ ) ایم ڈی پی سی بی وسیم خان نے کہا کہ ایم سی سی اجلاس میں شرکت مثبت رہی، اجلاس میں اراکین نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ایم سی سی کرکٹ ٹیم مستقبل قریب میں پاکستا ن کا دورہ کرے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان ایم سی سی کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ ایم سی سی کرکٹ کمیٹی کا2 روزہ اجلاس 11 سے 12 اگست تک لندن میں ہوا جہاں پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بدھ کے روز نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں یوم آزادی کی مناسبت سے منعقدہ تقریب کے موقع پرایم ڈی پی سی بی وسیم خان نے کہا کہ مائیک گیٹنگ کی سربراہی میں منعقدہ اجلاس میں شین وارن اور کمار سنگارا بھی شریک تھے، میں نے اجلاس میں پاکستان میں موجودہ سیکورٹی صورتحال پر بریفنگ دی
وسیم خان نے کہا کہ میں نے بریفنگ کے دوران شرکاء پر واضح کیا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونے کے باعث کیا اثرات مرتب ہورہے ہیں،میں نے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کی اہمیت پر بھی زور دیا،ایم ڈی پی سی بی پرامید ہیں کہ مستقبل قریب میں ایم سی سی کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی، انہوں نے کہا کہ ایم سی سی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان سے قبل کمیٹی کے تمام سیکورٹی خدشات دور کردیں گے تاکہ کمیٹی دیگر ٹیموں کوبھی پاکستان جانے پر راضی کرسکے، اس ضمن میں پاکستان کرکٹ بورڈ اور ایم سی سی مسلسل رابطے میں رہیں گے،ترجمان ایم سی سی کے مطابق کرکٹ کمیٹی نے انٹرنیشنل ٹیموں کے دورہ پاکستان کی حمایت کی ہے،اجلاس میں ایم ڈی پی سی بی وسیم خان نے پاکستان کی موجودہ سیکورٹی اور سیاسی صورتحال سے اراکین کو آگاہ کیا، کمیٹی نے ٹیم بھجوانے سے قبل سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینا ضروری قرار دیا ہے،پاکستان کرکٹ بورڈ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لیے کوشاں ہیں، ایم ڈی پی سی بی وسیم خان کی ایم سی سی کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت اور سری لنکا کرکٹ کے سیکورٹی وفد کی پاکستان آمد بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے،سری لنکا کرکٹ کے 4 رکنی وفد نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور قذافی اسٹیڈیم لاہور کا دورہ کیاتھا،پاکستان کرکٹ بورڈ کو اکتوبر میں 2 ٹیسٹ میچوں کے لیے سری لنکا کرکٹ ٹیم کی میزبانی کرنی ہے،ستمبر میں کرکٹ آسٹریلیا اور اکتوبر میں انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ عہدیداران بھی پاکستان کا دورہ کریں گے،یوم آزادی کی مناسبت سے پرچم کشائی کی تقریب نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں منعقد کی گئی، تقریب کے مہمان خصوصی ایم ڈی پی سی بی وسیم خان نے پرچم کشائی کی، اس موقع پر ایم ڈی پی سی بی وسیم خان نے قوم کو جشن آزادی کی مبارکباد دی، تقریب میں ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ ہارون رشید، جنرل منیجر اکیڈمیز علی ضیاء، جنرل منیجر لیگل سلمان نصیر اور پی سی بی اسٹاف نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔