مصباح الحق کا نام مکی آرتھر کی جگہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے متوقع ہیڈ کوچ کی فہرست میں میں شامل

لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ)سابق کپتان مصباح الحق کا نام مکی آرتھر کی جگہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے متوقع ہیڈ کوچ کی فہرست میں میں شامل ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق کپتان مصباح الحق کو کیمپ کمانڈنٹ مقرر کرکے ان کے کوچ بننے کے حوالے سے قیاس آرائیوں کو مزید تقویت دے دی ہے۔مصباح الحق پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے رکن ہیں اور کمیٹی اراکین کی سفارش سے مکی آرتھر کے معاہدے میں توسیع نہیں دی گئی،اب مصباح الحق کو قومی کرکٹ ٹیم کے کیمپ کا انچارج مقرر کیا گیا ہے۔ مصباح کوالیفائیڈ کوچ ہیں، گذشتہ سال تک وہ فرسٹ کلاس کرکٹ اور پی ایس ایل کھیلتے رہے ہیں۔پاکستان کرکٹ ٹیم کو بین الاقوامی کرکٹ کے آئندہ 42 میں سے 30 روز ٹیسٹ کرکٹ کھیلنی ہے۔ پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکرخان کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کی تیاری کیلئے پاکستان کے کامیاب ترین کپتان مصباح الحق کا تجربہ کھلاڑیوں کیلئے مفید ثابت ہوگا۔

انگلینڈ اور ویلز میں کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے میں مصروف 5 کھلاڑیوں کی قائداعظم ٹرافی میں شرکت بھی لازمی قرار دے دی گئی ہے۔سری لنکا سے ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل 19 میں سے 14 کھلاڑیوں کو لاہور میں قومی کیمپ میں طلب کر لیا ہے۔غیر سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں میں آصف علی، بلال آصف، افتخار احمد، میر حمزہ، راحت علی اور ظفر گوہر کیمپ میں رپورٹ کریں گے۔قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق کیمپ کمانڈنٹ ہوں گے۔ اظہر علی انگلش کاؤنٹی سمر سیٹ سے معاہدہ مکمل کرنے کے بعد کیمپ جوائن کرلیں گے۔

بابراعظم، فخر زمان، عماد وسیم، محمد عباس اور محمد عامر کو کاؤنٹی سیزن کے باعث کیمپ میں شرکت سے چھوٹ دی گئی ہے تاہم پی سی بی نے بابر اعظم، محمد عباس کو ہدایت کی ہے کہ وہ 12 ستمبر تک رپورٹ کریں۔سنٹرل کنٹریکٹ میں شامل عابد علی، اسد شفیق، اظہر علی، حارث سہیل، حسن علی، امام الحق، محمد رضوان، سرفراز احمد، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، عثمان شنواری، وہاب ریاض اور یاسر شاہ کو بھی کیمپ میں طلب کیا گیا ہے۔ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ پی سی بی ذاکر خان نے کہا کہ کیمپ کے دوران ٹیسٹ کرکٹ کی تیاری کیلئے کھلاڑیوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

تعارف: newseditor