کرس گیل کا ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے فیصلے پر ایک بار پھر یوٹرن

پورٹ آف سپین (سپورٹس لنک رپورٹ) جارح مزاج ویسٹ انڈین بلے باز کرس گیل نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے فیصلے پر ایک بار پھر یوٹرن لے لیا اور کہا کہ میں نے ابھی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کیا اور اگلا نوٹس ملنے تک ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔ بھارت کے خلاف تیسرے اور آخری ون ڈے کو گیل کے کیریئر کا آخری ون ڈے انٹرنیشنل میچ سمجھا جا رہا تھا، اس میچ میں ان کیلئے خصوصی طور پر 301 نمبر کی شرٹ بھی تیار کروائی گئی تھی۔ گیل 72 رنز بنا کر جب آؤٹ ہوئے تو انہوں نے بھارتی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملایا اور پویلین واپسی پر بیٹ کے ساتھ ہیلمٹ کو بھی لہرایا۔ اس موقع پر شائقین نے بھی تالیاں بجاکر انہیں گراؤنڈ سے رخصت کیا اور ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ وہ ویسٹ انڈیز کیلئے آخری ون ڈے میچ کھیل چکے ہیں لیکن میچ ختم ہونے کے بعد گیل نے کہا کہ انہوں نے ابھی ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کیا اور بورڈ کی طرف سے اگلا نوٹس ملنے تک ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں ابھی مکمل طور پر فٹ ہوں اسلئے مزید کچھ عرصے تک ملک کی طرف سے کھیلنا چاہتا ہوں۔ گیل نے رواں سال فروری میں اعلان کیا تھا کہ وہ ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہو جائیں گے لیکن میگا ایونٹ کے دوران انہوں نے اپنے فیصلے پر یوٹرن لیتے ہوئے بھارت کے خلاف ون ڈے سیریز کھیلنے کی خواہش ظاہر کی۔ بھارت کے خلاف سیریز بھی ختم ہو گئی لیکن گیل ابھی مزید انٹرنیشنل کرکٹ جاری رکھنے کے خواہاں ہیں۔ واضح رہے کہ گیل نے بھارت کے خلاف کھیلی گئی ون ڈے سیریز کے دوران برائن لارا کا ملک کی طرف سے زیادہ میچز کھیلنے اور زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بھی توڑا تھا۔

تعارف: newseditor