گال(سپورٹس لنک رپورٹ) آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سلسلے میں سری لنکا اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا ہے اور میزبان ٹیم کی میچ پر گرفت مضبوط ہے، نیوزی لینڈ کی ٹیم دوسری اننگز میں 285 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور اس نے آئی لینڈرز کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 268 رنز کا ہدف دیا، بی جے واٹلنگ 77 رنز بنا کر نمایاں رہے، سومر ویلی 40 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، ایمبل ڈینیا نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں سری لنکن ٹیم نے چوتھے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی دوسری اننگز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر 133 رنز بنا لئے تھے، کپتان دیمتھ کرونارتنے 71 اور لاہیرو تھریمانے 57 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، میزبان ٹیم کو فتح کیلئے مزید 135 رنز اور کیویز کو 10 وکٹوں کی ضرورت ہے۔ ہفتہ کو گال ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 195 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر دوسری نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو بی جے واٹلنگ 63 اور سومر ویلی 5 رنز پر کھیل رہے تھے، دونوں بلے بازوں نے محتاط انداز سے دن کا آغاز کیا، 224 کے مجموعی سکور پر کمارا نے واٹلنگ کو آؤٹ کر کے ٹیم کو اہم کامیابی دلائی
انہوں نے 77 رنز بنائے، اس کے بعد سومر ویلی نے بولٹ کے ساتھ مل کر سکور 260 تک پہنچایا، یہاں پر بولٹ 26 رنز بنانے کے بعد کمارا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے، 285 کے سکور پر نیوزی لینڈ کی آخری وکٹ گری جب اعجاز پٹیل 14 رنز بنا کر ڈی سلوا کی گیند کا نشانہ بنے، سومر ویلی 40 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ اسطرح نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 268 رنز کا ہدف دیا، ایمبل ڈینیا نے 4، دھنن جایا ڈی سلوا نے 3، لاہیرو کمارا نے 2 اور اکیلا دانن جایا نے 1 وکٹ لی۔ جواب میں سری لنکن ٹیم نے چوتھے روز کھیل کے اختتام تک اپنی دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان 133 رنز بنا لئے تھے، تھریمانے اور کرونارتنے حریف باؤلرز کے سامنے چٹان بن گے، کرونارتنے 71 اور تھریمانے 57 رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں، سری لنکا کو کامیابی کیلئے مزید 135 رنز اور نیوزی لینڈ کو 10 وکٹیں درکار ہیں۔