جشن آزادی سپورٹس فیسٹیول کبڈی چمپئن شپ کیر کلاں کلب نے جیت لی

لاہور(سپورٹس رپورٹر) جشن آزادی سپورٹس فیسٹیول کبڈی چمپئن شپ کیر کلاں کبڈی کلب نے جیت لی۔فاتح ٹیم نے فائنل میچ میں گجر کبڈی کلب کو12 پوائنٹس سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔تفصیلات کے مطابق مشعل یوتھ سوسائٹی کے زیر اہتمام جاری جشن آزادی سپورٹس فیسٹیول میں کبڈی ایونٹ کا فائنل کیر کلاں کبڈی کلب اور گجر کبڈی کلب کے درمیان ٹائون شپ گرائونڈ میں کھیلا گیا۔جس کا افتتاح تحریک انصاف سپورٹس اینڈ کلچرل فیڈریشن پنجاب کے صدرمیاں جاوید علی نے کیا۔جشن آزادی سپورٹس فیسٹیول کی آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین سلیم شاکر نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کا مہمان خصوصی میاں جاوید علی سے تعارف کرایا۔اس موقع پر مشعل یوتھ سوسائٹی کے سیکرٹری جنرل کاشف سجن بھی موجود تھے۔جشن آزادی سپورٹس فیسٹیول میں کبڈی ایونٹ کے فائنل میچ کے پہلے ہاف میں گجر کبڈی کلب کو کیر کلاں کبڈی کلب پر 5 پوائنٹس کی برتری حاصل تھی۔

دوسرے ہاف شروع ہوتے ہی کیر کلاں کبڈی کلب کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ پر گرفت مضبوط کرلی اور حریف ٹیم کو 24-36 پوائنٹس سے شکست دے دی۔میچ میں طیب سعید فیصل آبادیا،ارسلان چیتا اورفوجی لولیاں نے دلکش کھیل پیش کیا۔ فائنل میچ میں ایمپائرنگ کے فرائض عامر شہزاد ،کاشف کھوکھر،خالد گجر اور اُستاد اکرم نے سرانجام دئیے۔جبکہ انٹرنیشنل کمنٹیٹر حافظ ریاست نے کمنٹری کے فرائض سرانجام دئیے۔کبڈی کے فائنل میچ کو دیکھنے کیلئے شائقین کی بڑی تعداد گرائونڈ میںموجود تھی جنہوںنے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو بھرپور داد دی۔فائنل میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی میاں جاوید علی نے وننگ ٹرافی کیر کلاں کبڈی کلب کے کپتان ظہیر گجر اور رنر اپ ٹرافی گجر کبڈی کلب کے کپتان بلال گجر کو دی ،جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں بھی انعامات تقسیم کئے۔

تعارف: newseditor