لندن (سپورٹس لنک رپورٹ)انگلش کاؤنٹی ایسیکس کی جانب سے فرسٹ کلاس میچ لیفٹ آرم فاسٹ بولر محمد عامر کا آخری فرسٹ کلاس میچ ہوگا، ریڈ بال سے آخری میچ کھیل کر عامر وائٹ بال سے ایکشن میں دکھائی دیں گے۔پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ کو خیر باد کہنے والے فاسٹ بولر محمد عامر، ایسیکس کاؤنٹی کی جانب سے اپنا آخری فرسٹ کلاس میچ کھیلیں گے۔ایسیکس کاؤنٹی نے تصدیق کی کہ محمد عامر نے اپنے معاہدے میں توسیع کردی ہے۔ وہ بلاسٹ ٹی ٹوئینٹی کے علاوہ ایک فرسٹ کلاس میچ بھی کھیلیں گے۔27 سالہ محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے اور مستقبل میں وہ ون ڈے اور ٹی ٹوئینٹی کھیلنا چاہتے ہیں۔محمد عامر کو دنیا کا بہترین اور با صلاحیت فاسٹ بولنگ ٹیلنٹ قراردیا گیا تھا، انہوں نے 66 فرسٹ کلاس میچوں میں شرکت کی اور 254 وکٹیں حاصل کیں۔
جنوری میں جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ ان کا آخری فرسٹ کلاس میچ ثابت ہوا۔نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں جو کھلاڑی اپنی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب نہیں ہو سکے ہیں ان میں سب سے اہم نام فاسٹ بولر محمد عامر کا ہے۔گذشتہ سینٹرل کنٹریکٹ میں وہ ’اے‘ کیٹیگری میں شامل تھے لیکن اب انہیں ’سی‘ کیٹیگری دی گئی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ محمد عامر نے پچھلے دنوں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرکے خود کو لمیٹڈ اوورز کرکٹ تک محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔گذشتہ ماہ محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ سے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ آسان نہیں تھا، پاکستان کرکٹ بورڈ کا مشکور ہوں جنہوں نے مجھے اپنے سینے پر گولڈن اسٹار لوگو لگانے کا موقع دیا۔محمد عامر نے جولائی 2009 میں سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ میں اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑی اپنے کیریئر کو طول دینے کے لیے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑ رہے ہیں اور وائٹ بال کرکٹ میں قسمت آزما رہے ہیں جہاں پیسہ بھی زیادہ ہے۔وہاب ریاض بھی ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنا چاہتے ہیں۔