دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ) سٹار آسٹریلوی بلے باز سٹیون سمتھ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ میں ایک درجہ ترقی پا کر کین ولیمسن سے دوسری پوزیشن چھین لی اور اس کے ساتھ ہی وہ کوہلی سے ٹاپ پوزیشن چھیننے کے قریب پہنچ گئے، دیمتھ کرونارتنے 4 درجے ترقی کے ساتھ ٹاپ ٹین میں شامل ہو گئے جبکہ جوروٹ 3 درجے تنزلی کے بعد نویں نمبر پر چلے گئے، بین سٹوکس کی 6، جونی بیئرسٹو کی 7، روری برنز کی 17 اور مارنش لبو چگ نے 16 درجے چھلانگ لگائی ہے، باؤلرز میں پیٹ کمنز کی ٹاپ پوزیشن مزید مستحکم ہو گئی جبکہ اس کے علاوہ وہ ٹاپ فائیو آل راؤنڈرز میں بھی شامل ہو گئے۔ پیر کو آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ کے تحت بلے بازوں میں ویرات کوہلی بدستور سرفہرست ہیں
لارڈز ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 92 رنز کی اننگز کھیلنے پر سمتھ نے 1درجہ ترقی پا کر کین ولیمسن کو تیسری پوزیشن پر دھکیل دیا، دوسری پوزیشن حاصل کرنے کے ساتھ ہی سمتھ نے کوہلی کیلئے بھی خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے، سری لنکن کپتان کرونارتنے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں سنچری بنانے پر 4 سیڑھیاں چڑھ کر ٹاپ ٹین میں شامل ہو گئے، انہوں نے آٹھویں پوزیشن سنبھال لی، ڈیوڈ وارنر 4 درجے تنزلی کے بعد ٹاپ ٹین سے باہر ہو گئے، ان کا 11واں نمبر ہے، جوروٹ کی تنزلی کا سلسلہ بھی جاری ہے، وہ 3 درجے گرنے کے بعد چھٹے سے نویں نمبر پر چلے گئے، میتھیوز 3 درجے ترقی کے ساتھ 14ویں، ٹریوس ہیڈ 2 درجے بہتری پا کر 18ویں، بین سٹوکس 6 درجے ترقی کے ساتھ 26ویں، جونی بیئرسٹو 7 درجے اوپر چڑھ کر 30ویں، نیروشن ڈکویلا 5 درجے اوپر چڑھ کر 33ویں، روری برنز 17 درجے چھلانگ لگا کر 64ویں، کرس ووکس 2 درجے بہتری کے ساتھ 68ویں اور مارنس لبو چگ نے 16 درجے چھلانگ لگا کر 82ویں نمبر پر آ گئے۔
باؤلرز میں پیٹ کمنز نے ٹاپ پوزیشن مزید مستحکم کر لی، سٹورٹ براڈ اور ووکس 2، 2 درجے بہتری کے ساتھ بالترتیب 14ویں اور 27ویں نمبر پر آ گئے، اکیلا دانن جایا 9 جیک لیچ 8، اعجاز پٹیل 14، ایمبل ڈینیا 11اور دھنن جایا ڈی سلوا 5 درجے اوپر چڑھ کر بالترتیب 36ویں، 40ویں، 61ویں، 69ویں اور 77ویں نمبر پر آ گئے، جوفرا آرچر کی 83ویں پوزیشن کے ساتھ انٹری ہوئی ہے۔ آل راؤنڈرز میں جیسن ہولڈر بدستور سرفہرست ہیں، پیٹ کمنز ایک سیڑھی چڑھ کر پانچویں نمبر پر آ گئے۔