اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سپورٹس بورڈ نے جشن آزادی اور کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے مورخہ19-08-2019 خواتین کے کھیلوں کے مقابلوں والی بال، بیڈمنٹن اور ہاکی کے مقابلوں کا انعقاد کیا۔ والی بال مقابلوں میں آرمی کا مقابلہ اسلام آباد سے ہو جو کہ آرمی نے 2-0 سے جیت لیا۔ بیڈمنٹن سنگل مقابلے میں ردا حنیف نے زینب کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا جبکہ بیڈمنٹن ڈبل مقابلوں میں ردا اور رامین نے زینب اور اسماء کو شکست دے کر ٹائٹل جیتا۔ ہاکی مقابلے میں PSB-XI نے رائزنگ سٹار ہاکی کلب کو 1-0 سے شکست دی اور ٹرافی کے حق دار قرار پائے۔
پی ایس بی الیون کی طرف سے میچ کا واحد گول کومل ملک نے سکور کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا مہمان خصوصی تھیں جنہوں نے کھلاڑیوں میں میڈلز تقسیم کیئے۔ اس موقع پر خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ مجھے یہ جان بہت خوشی محسوس ہوئی کہ خواتین کسی بھی میدان میں مردوں سے کم نہیں آج کی خواتین ہر فیلڈ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔
صحت مند زندگی کیلئے کھیل از حد ضروری ہیں کیونکہ کھیل ایک صحت مندتفریح ہے۔ ملک کو با صلاحیت صحت مند جسم و دماغ والے نوجوانوں کی ضرورت ہے۔ اس بار جشنِ آزادی کو کشمیر کے نتاظر مین منا یا جا رہا ہے۔ کشمیری عوام کو یہ واضح پیغام دیا گیا کہ پاکستان ہر حال میں اُن کے ساتھ ہے اور اس ایشو کو ہر فورم پر اٹھایا جائیگا تاکہ آزادی کا سورج طلوع ہو سکے۔ 15 اگست کو بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منایا گیا جس سے موجودہ حکومت کی سوچ واضح طور پر ابھر کر سامنے آئی۔ اس وقت انڈیا کی باگ ڈور مودی فاشٹ کے ہاتھوں میں ہے جو انڈیا میں رہائش پذیر تمام اقلیتوں خصوصاًمسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کرنے پر تلا ہوا ہے۔
یہاں پر میں ایک اور ضروری بات کا ذکر کرنا چاہوں گی کہ حکومت پاکستان نے17
اگست کو “پلانٹ فار پاکستان” کے دن کے طور پر منایا کیونکہ درخت لگانا سنت
نبوی اور صدقہ جاریہ ہے۔ زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر ہم اپنے ماحول کو
آلودگی سے بچا سکتے ہیں۔
اسی سلسلے میں پاکستان سپورٹس بورڈ نے اس دن کو مختلف پودے لگا کر بھر پور طریقہ سے منایا۔ وزیر اعظم کا ویژن جہان کرپشن سے پاک معاشرہ قائم کرنا ہے وہاں آلودگی اور گندگی سے پاک نیا پاکستان بھی بنانا ہے جو انشاء اللہ ایک ارب سے زائد درخت لگا کر ہم پالیں گے۔آخر میں، میں پاکستان سپورٹس بورڈ کے افسران اور ملازمین کو مبارکباد دیتی ہوں جنہوں نے ان مقابلوں کو بھر پور انداز میں منعقد کیا۔