کراچی (اسپورٹس رپورٹر) سابق قومی فٹبالر سلیم عارف اور معروف اسپورٹس آرگنائزر حاجی احمد علی نے اے ایف سی اور فیفا کے مشترکہ وفد کی پاکستان آمد اور دونوں گروپ سے ملاقات کو خوش آئند اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ فیفا نے پی ایف ایف میں ہونے والی کرپشن کا نہ صرف نوٹس لیاہے بلکہ پاکستان کی فٹبال سرگرمیوں کودرست سمت میں لے جانے اور پی ایف ایف میں کرپشن کے خاتمہ کیلئے عملی اقدامات شروع کردئے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ فیفا اس بات کو یقینی بنائے کہ نارملائزیشن کمیٹی میںکسی بھی ایسی شخصیت کو شامل نہ کرے جس پر کرپشن کے الزامات ہیں اورجس کے دستاویزی اور ویڈیوثبوت موجودہ فیڈریشن کی لیگل کمیٹی نے فیفا کی فیکٹ اینڈ فائنڈنگ کمیٹی کے حوالے کئے ہیں۔ مزید یہ کہ نارملائزیشن کمیٹی کے زیر نگرانی جو الیکشن ہونگے اس میں بھی کسی ایسے امیدوار کو حصہ لینے کی ہر گز اجازت نہ دی جائے جو کرپشن کے الزامات کی زد میں ہے۔
سلیم عارف اور حاجی احمد علی نے فیفا اور اے ایف سی سے اپیل کی ہے کہ موجودہ فیڈریشن کی لیگل کمیٹی نے فصل صالح حیات اینڈ کمپنی کیخلاف جو کرپشن کے دستاویزی ثبوت فیفا کی فیکٹ اینڈ فائنڈنگ کمیٹی کے حوالے کیے ہیں الیکشن سے قبل اس کی مکمل تحقیقات اورفیصلہ ہونااشد ضروری ہے تاکہ فیڈریشن سے کرپشن کا خاتمہ ہو اور کرپٹ عناصر کے اصل چہرے بے نقاب ہوں۔ان پر تاحیات فٹبال سرگرمیوں میں حصہ لینے کی پابندی عائدکرکے نشان عبرت بنایا جائے تاکہ آئندہ منتخب ہونے والے افراد کرپشن سے دور رہیں اور فٹبال کھیل کی ترقی و فروغ کیلئے خلوص کے ساتھ کام کریں۔