اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت پر وزیر اعظم نریندر مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اقوام متحدہ سے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔بھارتی حکومت نے دو ہفتے قبل مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی تھی اور اس متنازع فیصلے کے بعد ممکنہ مظاہروں اور احتجاج کو روکنے کے لیے وادی میں اضافی پیراملٹری پولیس تعینات کرنے کے ساتھ ساتھ کرفیو نافذ کردیا تھا اور تمام مواصلاتی روابط پر پابندی عائد کردی تھی۔مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے کریک ڈاون اور کرفیو کو 20 دن ہو گئے ہیں اور پیلٹ گنز اور آنسو گیس کے شیل سے سیکڑوں افراد زخمی ہوچکے ہیں۔
اس تمام صورتحال پر قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی بھی خاموش نہ رہ سکے اور انہوں نے کشمیریوں کے حق میں صدائے احتجاج بلند کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے اس ظلم کو رکوانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔ اپنے بیا ن میں انہوں نے کہا کہ کشمیر کے متنازع خطے میں تشدد اور ظلم کو روکنے کے لیے اقوام متحدہ اپنا کردار ادا کرے، بھارتی عوام کی اکثریت نریندر مودی کی بربریت کی حمایت نہیں کرتی۔مایہ ناز آل راونڈر نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ مودی دیرپا امن کی جانب قدم بڑھائیں اور اس غیر انسانی عمل کو روکا جانا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ ناانصافی اور ظلم و جبر کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، ہمیں امید ہے کہ اس مسئلے کا جلد حل نکال لیا جائے گا۔اس موقع پر انہوں نے کشمیر میں جاری تنازع کے حل کے لیے عالمی برادری کی توجہ بھارتی مظالم کی طرف مبذول کرانے پر وزیر اعظم عمران خان کی کوششوں کو بھی سراہا۔خیال رہے کہ 1989 سے مقبوضہ کشمیر میں حق خود ارادیت کے حصول کے لیے جاری جدوجہد کے دوران اب تک 50 ہزار سے زائد کشمیری شہید ہوچکے ہیں۔