چوبیسویں چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپئن شپ 2019 کا آغاز

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) چو بیسویں چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپئن شپ 2019ء کا انعقاد 27 اگست سے یکم ستمبر تک کراچی گالف کلب میں کیا جا رہا ہے۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق چیمپئن شپ کے آغاز کا اعلان پیٹرن پی این گالف (ساؤتھ) ، کموڈور محمد سلیم کی جانب سے ایک میڈیا بریف کے دوران کیا گیا جس کا انعقاد منگل کو کراچی گالف کلب میں ہوا۔ کمانڈر کراچی، وائس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپئن شپ کا پہلا ایڈیشن 1995ء میں متعارف کروایا گیا۔ چیمپئن شپ کے آغاز کا مقصد پاکستان گالف فیڈریشن کے کلینڈر میں ایک نئے ایونٹ کا اضافہ تھا۔1995ء میں آغاز کے بعد سے یہ گالف چیمپئین شپ نہ صرف باقاعدگی سے منعقد ہو رہی ہے بلکہ ملکی سطح پر ایک بڑے ایونٹ کی حیثیت حاصل کر چکی ہے۔ چیمپئن شپ کا باقاعدگی سے انعقاد پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کے لئے پاک بحریہ کے مضبوط عزم کا اظہار ہے۔ چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپئن شپ 2019ء میں پروفیشنلز، سینئر پروفیشنلز، جونیئر پروفیشنلز، امیچور، سینئرز، ویٹرنز، لیڈیز اور جونئیر کیٹیگریز کے میچز کھیلے جائیں گے۔ چیمپئن شپ کے دوران 72 ہولز پروفیشنل اور امیچورز میچز، جونئیرز، لیڈیز اور سینئرز کے لئے18 ہولز میچز جبکہ 9 ہولز میچز ویٹرنز کے لئے رکھے گئے ہیں۔ ٹورنامنٹ کی کل انعامی رقم 8.1 ملین رکھی گئی ہے۔ ا س کے علاوہ ہول اِن ون کرنے والے کھلاڑی کے لئے ٹویوٹا فارچونرگاڑی اور دوسری کیٹیگریز میں فاتح قرار پانے والے کھلاڑیوں کے لئے بھی بے شمار انعامات مختص کئے گئے ہیں۔

پاک بحریہ نے کھیلوں کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر پروان چڑھانے کے لئے ہمیشہ اہم کرادار ادا کیا ہے۔ گالف کے علاوہ پاک بحریہ باقاعدگی سے کئی دیگر کھیلوں کے مقابلے بھی منعقد کروا تی ہے جن میں چیف آف دی نیول اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ، چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن ہاکی چیمپئن شپ، چیف آف دی نیول اسٹاف شوٹنگ چیمپئن شپ اور نیشنل سیلنگ چیمپئن شامل ہیں۔ پاک بحریہ نے چند سال قبل انٹرنیشنل سیلنگ چیمپئن شپ CISM کی بھی میزبانی کی جس میں 12 ممالک کی افواج کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ اس کے علاوہ 2018ء میں بھی اسی مقام پر سی این ایس اوپن ایشین ٹور گالف چیمپئن شپ کا انعقاد کیا گیا تھا جس کی کل انعامی رقم 48 ملین روپے رکھی گئی تھی۔ پاک بحریہ نہ صرف ملکی سطح پر صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی پاکستان کو کھیلوں سے لگاؤ رکھنے والے ملک کے طور پر پیش کرنے میں پیش پیش ہے۔ چوبیسویں چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپئن شپ میں گالف کے نامور کھلا ڑی جیسا کہ ایشین گولڈ میڈلسٹ منیر صادق، مامون صادق ، ذکاء اُللہ اور پاکستانی کرکٹ کے مایہ ناز کھلاڑی فخر زمان شامل ہیں۔ چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب میں سہیل شمس، چیف ایگزیکٹو یونائیٹڈ میرین ایجنسی، اسپانسرز، سول ملٹری حکام، سینئر کھلاڑی اور میڈیا کے نمائندگان موجود تھے۔

تعارف: newseditor