لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ)پنجاب کے 17سالہ نوجوان کھلاڑی نوشیروان نے 33ویں نیشنل گیمز پشاور میں بدھ کے روزمردان میں ہونیوالی میراتھن ریس میں چاندی کا تمغہ جیت لیا ہے،
نوشیروان نے 42کلومیٹر کا فاصلہ 2گھنٹے 29منٹ میں طے کیا، آرمی کے ندیم حسن نے 2گھنٹے 24منٹ میں ریس مکمل کرکے میراتھن جیت لی
میراتھن ریس کرنل شیر خان انٹر چینج مردان سے شرو ع ہوئی اور اسی مقام پر ختم ہوئی، ڈی جی سپورٹس خیبر پختونخوا سفندیار خٹک مہمان خصوصی تھے، ہاکی بوائز کے میچ میں پنجاب نے بلوچستان کو 6-1سے شکست دی، رگبی میں آرمی نے پنجاب کو 30-0سے ہرادیا۔
پنجاب میڈل ٹیبل پر 15 میڈلز کیساتھ 5ویں پوزیشن پر ہے جس میں چاندی کے 3اور کانسی کے 12میڈلز شامل ہیں، پنجاب کے کھلاڑیوں نے ریسلنگ میں مجموعی طور پر
7میڈلز جیتے ہیں جن میں چاندی کے دو اور کانسی کے پانچ میڈلز جیتے ہیں جبکہ سوئمنگ بوائز میں تین کانسی اور گرلز نے ایک کانسی کے تمغے جیتے ہیں
کشتی رانی میں کانسی کے دو اور ایک کانسی کا میڈل اتھلیٹکس میں جتیا ہے، پاک آرمی ٹاپ پوزیشن پر ہے جس نے اب تک سونے کے 58، چاندی کے 50اور کانسی کے
32تمغے جیتے ہیں ، واپڈا دوسرے نمبر پر ہے جس نے سونے کے 36، چاندی کے 31اور کانسی کے 25میڈلز جیتے ہیں
نیوی نے اب تک سونے کے 15، چاندی کے 14اور کانسی کے 10میڈلز جیتے ہیں، سندھ نے اب تک سونے کا ایک، چاندی کے 7اور کانسی کے 9میڈلز جیتے ہیں، خیبر پختونخوا نے ایک سلور اور 9برانز میڈلز جیتے ہیں جبکہ اسلام آباد نے صرف برانز میڈل جیتا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب نے 33ویں نیشنل گیمز پشاور میں پنجاب کے کھلاڑیوں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیشنل گیمز میں ملک بھر سے کھلاڑی شرکت کررہے
اور سخت مقابلے ہورہے ہیں، ریسلنگ، ہاکی میں ہمارے کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے
اب تک پنجاب کے کھلاڑی ایک درجن سے زائد میڈلز جیت چکے ہیں، امید کرتے ہیں کہ کھلاڑی دیگر کھیلوں میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید میڈلز جیتیں گے۔