لاہور(سپورٹس رپورٹر)عمران خان کی کپتانی میں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے سلو لیفٹ آرم اسپن بولر مسعود انوارنے پاکستانی اسپن بولنگ کا مستقبل روشن قرار دے دیا۔سابق ٹیسٹ کرکٹر مسعود انوار کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یاسرشاہ ، شاداب خان اورعماد وسیم سمیت نعمان علی، عثمان قادر ،ساجد خان،کاشف بھٹی اور محمد زاہد ایسے اسپنرز ہیںجن کی صلاحیتوں پر بھروسہ کیا جاسکتا ہے، نعمان علی اور عثمان قادرنے موقع ملنے پراپنی صلاحیتیں ثابت کر دی ہیں، نعمان علی کو ایک پختہ کار بولر کے طور پر ایکشن میں دیکھنا خوش آئند ہے،اسپنر کی صلاحیتیں نکھارنے کیلئے کام کرنے والے ریجنل کوچز اور دیگر افراد کی خدمات کو سراہنا چاہیے، یاسر شاہ کو اب بھی اپنی گگلی بہتر بنانے کی ضرورت ہے، اس سے ان کی لیگ بریک اور فلپرز بھی مزید موثر ہوجائیں گی۔سابق سلو لیفٹ آرم اسپن بولر مسعود انوارکا کہنا تھا کہ وائٹ بال کرکٹ میں عثمان قادر کی بولنگ میں نکھار آیا ہے،ڈومیسٹک میچز میں بھی انھوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، محمد زاہد 4 روزہ مقابلوں میں بھی وکٹیں لے رہے ہیں،ساجد خان ایک اچھا آف اسپنر اور اس کی گیندوں میں جان نظر آتی ہے،انڈر19سطح پر بھی فیصل آباد سے تعلق رکھنے والا سلو لیفٹ آرم بولر علی اسفند بڑا باصلاحیت بولر ہے اس کے علاوہ تین مزید باصلاحیت سلوبولرز نے مجھے متاثر کیا،صرف سلیکٹرز کو یہ دیکھنا ہوگا کہ کس فارمیٹ کیلئے کون سا اسپنر موزوں ہے اور اگر کسی کی انجری ہو تو اس کا متبادل کون ہوگا۔