پشاور(سپورٹس لنک رپورٹ)یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر محکمہ سیاحت خیبرپختونخواکے زیرانتظام خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی اور فرنٹیئر 4×4 کلب کے باہمی اشتراک سے صوابی دریائے سندھ ہنڈکے مقام پر 4×4 انڈس ریور واٹر کراس جیپ ریلی کا انعقاد کیا گیاجس میں 60 سے زائد مرد و خواتین ماہر جیپ ڈرائیورز نے شرکت کی۔
اس موقع پرسیکرٹری محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا محمد عابد مجید، محکمہ سیاحت کے عہدیداران، ریسکیو 1122 کے اہلکار، ضلعی انتظامیہ صوابی اور دیگر حکام موجود تھے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا محمد عابد مجید نے کہاکہ کشمیریوں پرجاری بھارتی مظالم اور ان سے اظہار یکجہتی کیلئے دریائے سندھ صوابی کے مقام پر جیپ ریلی کا انعقاد کیا گیا جبکہ ساتھ ہی ریسکیو 1122 کی جانب سے کشتی رانی پریڈ اور آچری بھی ریلی کا حصہ تھی۔
انہوں نے مزید کہاکہ اس سال موسم سرما میں چھ کامیاب سنو فیسٹیول صوبے کے پرفضا مقامات ملاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں منعقد کئے اور اسی ماہ سوات کے سیاحتی مقام گبین جبہ میں بھی فیمیلز کیلئے فیسٹیول کا انعقاد متوقع ہے جبکہ مارچ میں ڈیرہ اسماعیل خان میں ڈیرہ جات فیسٹیول کا انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ جنوبی اضلاع میں بھی سیاحتی سرگرمیوں کو بھی فروغ دیا جا سکے۔ ریلی میں لالین اخونزادہ، بی بی عائشہ اور سلمہ خان سمیت مرد ڈرائیور ملک کے مختلف شہروں سے ریلی کا حصہ لیا۔
ریلی کے شرکاء نے دریائے سندھ صوابی ہنڈ کے مقام پر دشوارگزار پتھروں اور دریا کی لہروں کو چیرتے ہوئے ریلی کیلئے متعین کردہ ٹریک عبور کئے۔اس موقع پر ریلی کے شرکاء کے مابین ریس بھی منعقد ہوئی جس میں خواتین کی کیٹیگری میں گل شین نے تین منٹ تین سیکنڈ کے ساتھ پہلی، لالین اخونزادہ نے تین منٹ 31 سیکنڈ کے ساتھ دوسری جبکہ عائشہ بی بی نے چارمنٹ 57سیکنڈ کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔
مردوں کے مقابلے میں کیٹیگری اے میں سہیل خان نے پہلی، شکیل برقی نے دوسری جبکہ بیروز خان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ کیٹیگری بی میں یحیٰ لالا نے پہلی، جہانگیرنے دوسری اور خورشید نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
ریلی میں پنجاب، سندھ، بلوچستان، اسلام آباد، خیبرپختونخوا اور صوبے میں ضم قبائلی اضلاع سے بھی 4×4 کے شوقین افراد اپنی گاڑیوں سمیت شریک ہو کر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔