کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے میں کراچی کے الصغیر ہاکی کلب کو ضلع خیرپور کی ہاکی ٹیم کیخلاف 5-3 سے شکست ، یوم کشمیر کے حوالے سے بخت علی ڈھوٹ ہاکی اسٹیڈیم، لقمان ضلع خیرپور میں برقی قمقموں کی روشنی میں کھیلے گئے نمائشی ہاکی میچ میں الصغیر ہاکی کلب کے سینٹر فارورڈ محمد حذیفہ شاہد نے عمدہ کھیل پیش کیا اور ہیٹ ٹرک اسکور کی ، ڈپٹی کمشنر خیرپور احمد علی قریشی میچ کے مہمان خصوصی تھے انہوں نے انعامات تقسیم کئے، اس موقع پر الصغیر ہاکی کلب کے سیکریٹری عظمت پاشا نے مہمان خصوصی اور صدر سید صغیر حسین نے ذوالفقار علی ڈھوٹ کو اپنے کلب کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کیں.
تفصیلات کے مطابق ضلع خیرپور کے دورہ پر آئی الصغیر ہاکی کلب کی ٹیم جو کہ نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل تھی اپنے سے کئی گناہ مضبوط ٹیم کیخلاف عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا سینٹر فارورڈ محمد حذیفہ شاہد کے لگاتار دو گولوں کی بدولت پہلے کوارٹر میں دو گول کی 2-0 سبقت حاصل کرلی، تاہم دوسری جانب میزبان ٹیم کے محمد دانیال نے دوسرے کوارٹر کے اختتامی لمحات میں دو مرتبہ گیند کو جال میں پہنچا کر الصغیر ہاکی کلب کی سبقت ختم کرکے مقابلہ 2-2 سے برابر کردیا ، تیسرے کوارٹر اور کھیل کے مجموعی طور پر 39 ویں منٹ میں محمد حذیفہ شاہد نے ایک مرتبہ پھر گول اسکور کرکے اپنا اور ٹیم کا تیسرا گول اسکور کرکے ہیٹ ٹرک مکمل کی لیکن کچھ دیر بعد میزبان ٹیم کے محمد عثمان نے 44 ویں منٹ میں مقابلہ 3-3 سے برابر کردیا
میچ کے چوتھے کوارٹر میں دونوں ٹیموں کی فارورد لائن نے خطرناک موو بنائے اس دوران الصغیر ہاکی کلب نے گول کرنے کے سنہری مواقعے ضائع کردیئے دوسری جانب تجربہ کار ٹیم نے اپنے سے کمزور ٹیم کی غلطیوں سے فائدہ اٹھایا اور کھیل کے آخری لمحات دو گول اسکور کرکے میچ 5-3 سے جیت لیا، انکی جانب سے میسیم عباس اور فراز کورائی نے گول اسکور کئے. اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں نے بھی دونوں ٹیموں کو شاندار کھیل پیش کرنے پر کھل کر داد دی اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی ڈی سی خیرپور احمد علی قریشی بھی الصغیر ہاکی کلب کے کھلاڑیوں کی تعریف کئے بغیر نہ رہ سکے انہوں نے کہا کہ آج تک خیرپور میں اتنا عمدہ میچ نہیں دیکھا کراچی سے آئی مہمان ٹیم نے بہت اچھے کھیل کیا مظاہرہ کیا انکے کھلاڑیوں کا جوش الگ ہی نظر آرہا تھا، مہمان خصوصی نے کہا کہ یوم کشمیر کے حوالے سے کھیلوں کا انعقاد کرنا بھی کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کا ثبوت ہے ہم کل بھی کشمیری بھائیوں کیساتھ تھے اور آئندہ بھی رہیں گے
انہوں نے بخت علی ڈھوٹ ہاکی اسٹیڈیم کو درپیش پانی اور بجلی کے مسائل سے چھٹکارا دلانے کیلئے ٹرانسفارمر لگانے کا اعلان بھی کیا انہوں نے کہا کہ قومی کھیل کی خدمت کرنے کیلئے وہ ہر وقت حاضر ہیں. عظمت پاشا نے ذوالفقار علی ڈھوٹ اور انکی ٹیم کو شاندار انتظامات کرنے پر خراج تحسین پیش کیا،
اختتامی تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر خیرپور اقبال جندران، اسسٹنٹ انجنیئر محکمہ کھیل سندھ سجاد سومرو، خیرپور اور سکھر ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشنز کے عہدیداران سمیت ذوالفقار علی ڈھوٹ، مرتضیٰ ڈھوٹ، پروفیسر نجم الحسن، سید ذاکر حسین زیدی، شفقت مہیسر، شامیر عباسی اور دیگر بھی موجود تھے. سکھر ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکریٹری اور سابق انٹرنیشنل ہاکی امپائر محمد ذوالفقار حسین اور عرفان ڈھوٹ نے امپائرنگ کے فرائض انجام دیئے.