راولپنڈی ،لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)راولپنڈی پولیس کی جانب سے کرکٹ سٹیڈیم سے گرفتار بکی سے تفتیش کے لئے جے آئ ٹی کی تشکیل کے لئے رابطے،ایف آئی اے کی درخواست پر بکی بلال احمد کے خلاف تھانہ نیوٹاؤن میں مقدمہ درج کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم سے بکی بلال احمد کی گرفتاری پر نیوٹاؤن پولیس نے ایف آئی اے کی درخواست پر مقدمہ درج کرلیا
ابتدائی تحقیقات ایف آئی اے کی جانب سے کی گئی ہیں،ایس پی راول رائے مظہر اقبال نے کہاکہ معاملہ کی جامع تحقیقات کے سلسلہ میں جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے قیام کے لئے متعلقہ اداروں سے رابطہ کیا جا رہا ہے،جے آئی ٹی کے ذریعے تحقیقات عمل میں لاتے ہوئے بکی بلال کے دیگر ساتھیوں اور نیٹ ورک کے خلاف بھی کاروائی کی جائے گی، سٹی پولیس آفیسر محمد احسن یونس کاکہناتھاکہ جوا اور بکنگ کے ذریعے کھیل اور ملک کی بدنامی کا باعث بننے والے کرداروں کو بے نقاب کیا جائے گا۔
ادھر بکی کا ڈے جی کا روپ دھار کر راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ایکریڈیشن حاصل کرنا بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ پر سوالیہ نشان ہے، ایک جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کا میڈیا ڈیپارٹمنٹ میں بیٹھے شکیل خان صاحب مستند صحافیوں کو ایکریڈیشن جاری کرنے سے گریزاں ہیں اور ڈے جے کا روپ دھار کر بکی کو ایکریڈیشن کارڈ جاری کردیا گیا، اس حوالے سے اب ضروری ہو گیا ہے کہ اس معاملے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور جو جو بھی میڈیا اور مارکیٹنگ ڈیپارٹمنٹ میں ملوث ہے ان کو قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ آئندہ ایسے معاملے میں ملک کی بدنامی نہ ہو۔