فاف ڈوپلیسی اور فواد احمد سمیت مزید پانچ غیرملکی کرکٹرز ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 کا حصہ بن گئے

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)فاف ڈوپلیسی اور فواد احمد سمیت مزید پانچ غیرملکی کرکٹرز ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2021 کا حصہ بن گئے ہیں۔ ان پانچوں کھلاڑیوں کا انتخاب ریپلیسمنٹ پکس میں کیا گیا ہے۔

بیس فروری سے شروع ہونے والی لیگ میں شامل ٹیموں نے بین الاقوامی مصروفیات کی وجہ سے عدم دستیاب کھلاڑیوں کے متبادل کا انتخاب کرلیا ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے تین جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی نے ایک ایک غیرملکی کھلاڑی کو بطور متبادل اپنے اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 پلے آف میچز کے لیے نومبر میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے فاف ڈوپلیسی ایڈیشن 2021 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ بن گئے ہیں۔ جنوبی افریقی کرکٹر کو چندمیچز کے لیے کرس گیل کی جگہ لیگ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

اُدھر اسلام آباد یونائیٹڈ نے نیوزی لینڈ کے کولن منرو کی جگہ آسٹریلیا کے اسپنر فواد احمد کو اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔ فواد احمد اس سے قبل ایچ بی ایل پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

کوویڈ 19 کی وجہ سے نیوزی لینڈ میں آئسولیشن کی صورتحال کے باعث کولن منرو اسلام آباد یونائیٹڈ کو دستیاب نہیں ہوں گے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے امریکہ کے علی خان کو بھی متبادل کھلاڑی کی حیثیت سے اپنے اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔ انہیں انگلینڈ کے ریس ٹوپلی کی جگہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ ریس ٹوپلی کو دورہ بھارت کے لیے اعلان کردہ انگلینڈ کے اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

دورہ بھارت کی وجہ سے انگلینڈ کے فاسٹ باؤلر کرس جارڈن بھی اب اسلام آباد یونائیٹڈ کو دستیاب نہیں ہیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے ان کی جگہ آئرلینڈ کے پال اسٹرلنگ کو اسکواڈ کا حصہ بنالیا ہے۔

انگلینڈ کے دورہ بھارت کی وجہ سے لیام لیونگ اسٹون بھی اب پشاور زلمی کو دستیاب نہیں ہوں گے۔ پشاور زلمی نے ان کی جگہ ٹام کیڈمور کو اسکواڈ کا حصہ بنالیا ہے۔انہوں نے سیزن 2018 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کی تھی۔

20 فروری سے شروع ہونے والی لیگ 22 مارچ تک جاری گی۔ ایونٹ کا پہلا مرحلہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور دوسرا قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

تعارف: newseditor