نوفل کلیم نے شہید کرنل شجاع خانزادہ ٹینس ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیت لیا

اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹ ) نوفل کلیم نے احسان اسحاق کو 0-2 سے شکست دے کر شہید کرنل شجاع خانزادہ ٹینس ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیت لیا۔فائنل میچ کے مہمان خصوصی میجر جنرل ریٹائرڈ جاوید اسلم طاہر تھے، جہنوں نے میچ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے، آرمی ریٹائرڈ آفیسرز ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل کرنل (ر) نسیم اللہ راجہ، پنجاب ٹینس ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر اور شالیمار کلب راولپنڈی کے سیکرٹری جنرل سید رضوان مشہدی اور آرگنائزنگ سیکرٹری سابق کپتان ڈیوس کپ انعام الحق کے علاوہ کھلاڑیوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی، ٹورنامنٹ میں کرونا وائرس کے ایس او پیز کا خاص خیال رکھا گیا، ٹورنامنٹ کا فائنل میچ نوفل کلیم اور احسان اسحاق کے درمیان شالیمار کلب راولپنڈی میں کھیلا گیا جس میں نوفل کلیم نے احسان اسحاق کو 0-2 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا، میچ کے پہلے سیٹ میں نوفل کلیم نے 2-6 سے اور دوسرے سیٹ میں 3-6 سے کامیابی حاصل کرکے ٹورنامنٹ کا چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا، ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے 28 کھلاڑیوں نے حصہ لیا، اس موقع پر مہمان خصوصی میجر جنرل ریٹائرڈ جاوید اسلم طاہر نے انعام الحق کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہیداء کے ناموں پر ٹورنامنٹس کا انعقاد خوش آئند بات ہے اور اچھی قومیں اپنے محسنوں کو نہیں بھلاتی ہیں اور شہید ہمارے دلوں میں ہر وقت زندہ رہتے ہیں، آرمی ریٹائرڈ آفیسرز ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل کرنل (ر) نسیم اللہ راجہ نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر انتظامیہ کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ ایسے ٹورنامنٹس کا انعقاد زیادہ سے زیادہ ہونا چاہئے، پنجاب ٹینس ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر اور شالیمار کلب راولپنڈی کے سیکرٹری جنرل سید راضوان مشہدی نے کہا کہ ایسے شہیداء کے ناموں پر ٹورنامنٹس کے انعقاد کے لئے شالیمار کلب راولپنڈی سہولیات فراہم کرنے ہمہ وقت تیار ہے، اس موقع پر آرگنائزنگ سیکرٹری و سابق کپتان ڈیوس کپ انعام الحق نے کہا کہ ہم اب تک شہیداء کے نام 20 سے 25 ٹورنامنٹ کا انعقاد کروا چکے اور ہر ماہ دو ٹورنامنٹس کا انعقاد ہمارے شہیدوں کے نام پر کیا جاتا ہے جن میں سنیئر اور جونیئر کیٹگریز کے مقابلے شامل ہیں، انہوں نے ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لئے پنجاب ٹینس ایسوسی ایشن کے چیئرمین افتخار احمد رائو اور سیکرٹر ی رشید ملک کاتعاون کرنے پر خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا،

تعارف: newseditor