انگلینڈ نے حساب برابر کردیا، پاکستان کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں 45 رنز سے شکست


ہیڈنگلے (سپورٹس لنک رپورٹ)انگلینڈ نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں قومی ٹیم کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 45 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی جبکہ سیریز کا ایک میچ باقی ہے۔

انگلینڈ نے پاکستان کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں جیت کے لیے 201 رنز کا ہدف دیا تاہم قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن پھر فلاپ ہوئی اور ٹیم یہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔

ہیڈنگلے میں کھیلے جارہے اس میچ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

اسپنر عماد وسیم بولنگ کا اچھا آغاز کرتے ہوئے پہلے جیسن رائے اور پھر ڈیوڈ ملان کو پویلین کی راہ دکھائی۔

انگلش ٹیم 18 رنز پر دو وکٹوں سے محروم ہوئی تو قائم مقام کپتان جوز بٹلر نے معین علی کے ساتھ برق رفتار رنز بناتے ہوئے ٹیم کا اسکور 85 پر پہنچایا جہاں معین علی 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد بٹلر نے لیام لیونگسٹن کے ہمراہ پارٹنرشپ بنائی اور 137 کے مجموعے پر 59 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

لیام لیونگسٹن نے 23 گیندوں پر 38 رنز کی اننگز کھیلی اور رن آؤٹ ہوگئے۔

ٹیل اینڈرز کی شراکت داری کے بدولت انگلینڈ کی ٹیم 200 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی، تاہم آخری اوور میں ہوم ٹیم آل آؤٹ ہوگئی۔

قومی ٹیم کی جانب سے محمد حسنین 51 رنز دے کر تین وکٹیں لے کر نمایاں رہے جبکہ عماد وسیم اور حارث رؤف کے حصے میں دو دو وکٹیں آئیں۔

ہدف کے تعاقب میں کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 50 رنز کا آغاز فراہم کیا۔

اس اسکور پر بابر اعظم 22 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے، جن کے بعد 15 رنز بنانے والے صہیب مقصود بھی آؤٹ ہوگئے۔

محمد رضوان 82 کے مجموعے پر 37 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے تو اس کے بعد کوئی کھلاڑی وکٹ پر ٹھہر کر نہیں کھیل سکا اور یکے بعد دیگر سب آؤٹ ہوتے چلے گئے۔

بولنگ آل راؤنڈر شاداب خان نے ٹیم کو 36 رنز کا سہارا دیا، تاہم قومی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز ہی بناسکی۔

انگلینڈ کی جانب سے 3 وکٹیں لے کر کامیاب بولر رہے، جبکہ معین علی اور عادل رشید کے حصے میں دو دو وکٹیں آئیں۔

ہوم ٹیم نے اس فتح کے ساتھ ہی سیریز کو ایک ایک سے برابر کردیا جبکہ سیریز کا آخری میچ 20 جولائی کو اولڈ ٹریفرڈ مانچسٹر میں کھیلا جائے گا۔

تعارف: newseditor