خیبر پختونخوا ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کے انتخابات ناکام بنانے کی تمام سازشیں ناکام ہوگئیں۔
گزشتہ روز پی ایس بی کوچنگ سینٹر پشاور کے کانفرنس روم میں خیبر پختونخوا ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کے انتخابات بہترین ماحول میں منعقد ہوئے۔
چند افراد، جن کا ٹیبل ٹینس کے کھیل سے کوئی تعلق نہیں تھا، صبح سویرے سے ہی انتخابات کو ناکام بنانے کی کوششوں میں مصروف رہے۔
ان سازشی افراد نے ایک سابق ٹیبل ٹینس کھلاڑی، جو اب ایک اور سپورٹس کے ڈویژن ایسوسی ایشن کے صدر ہیں، کو بھیجا گیا تاکہ وہ ماحول کو خراب کریں،
لیکن تمام عہدیداروں نے ان کی کوششوں کو نظر انداز کرتے ہوئے کھلم کھلا ہاتھ اٹھا کر منتخب اراکین کے حق میں فیصلہ دے دیا۔
ٹیبل ٹینس ذرائع کے مطابق سپورٹس ڈائریکٹریٹ کے ایک اہلکار نے خیبر پختونخوا ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کے تیار کردہ کوچز کو مخالفت میں ڈال کر پشاور، صوابی، اور سوات کے سپورٹس بورڈ کے کوچز کو انتخابات میں شرکت سے روک دیا،
حالانکہ یہ وہی کوچز ہیں جو اسی ایسوسی ایشن نے تیار کیے تھے۔
کھیلوں سے وابستہ شخصیات کا کہنا ہے کہ اس قسم کے اختلافات خیبر پختونخوا میں نہ صرف ٹیبل ٹینس بلکہ دیگر کھیلوں کے لیے بھی نقصان دہ ہیں۔ اس عمل سے صوبے میں ایک بار پھر متوازی ایسوسی ایشن بنانے کا خطرہ بڑھ جائے گا۔
خیبر پختونخوا ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کے انتخابات میں حالات کی خرابی اور ٹیبل ٹینس کی تباہی کے پیچھے کون سے لوگ ہیں، اس کی نشاندہی اور اس کا سدباب کرنا بے حد ضروری ہے۔