بی بی ایل 2025: کون سا پاکستانی کھلاڑی کس فرنچائزز میں شامل ہوا؟

بی بی ایل 2025: کون سا پاکستانی کھلاڑی کس فرنچائزز میں شامل ہوا؟
ویب ڈیسک ; آسٹریلیا کی مشہور بگ بیش لیگ کے آئندہ سیزن کے لیے بین الاقوامی کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ مکمل ہوگئی ہے، جس میں پاکستان کے بابر اعظم، شاہین آفریدی، حارث رؤف، محمد رضوان، شاداب خان، حسن علی اور حسان خان مختلف فرنچائزز کا حصہ بن گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کی فرنچائز برسبین ہیٹ نے پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو پلاٹینم کیٹیگری میں اپنی ٹیم کا حصہ بنایا ہے۔
اسی زمرے میں میلبرن رینیگیڈز نے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو منتخب کیا جب کہ میلبرن اسٹارز نے تیز رفتار بولنگ کے لیے حارث رؤف پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
دوسری جانب سڈنی تھنڈرز نے لیگ اسپنر شاداب خان کو گولڈ کیٹیگری میں اسکواڈ میں شامل کیا ہے جب کہ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم پہلے ہی سڈنی سکسرز کے ساتھ معاہدہ کر چکے ہیں اور وہ بھی گولڈ کیٹیگری میں شامل ہوں گے۔
مزید براں میلبرن رینیگیڈز نے آل راؤنڈر حسن خان اور ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز نے فاسٹ بولر حسن علی کو سلور کیٹیگری میں اپنی ٹیم کا حصہ بنایا ہے۔
واضح رہے کہ بگ بیش لیگ کی آٹھوں فرنچائزز نے مجموعی طور پر 74 رجسٹرڈ پاکستانی کھلاڑیوں میں سے صرف سات کو منتخب کیا، جن میں جارح مزاج اوپنر صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان جیسے نمایاں کھلاڑی بھی شامل تھے، تاہم انہیں ڈرافٹنگ میں نظرانداز کر دیا گیا۔



