سکواش

پی ٹی سی ایل گروپ کا ملک میں اسکواش کی بحالی کیلئے قومی کھلاڑی نور زمان کی معاونت کا اعلان

پی ٹی سی ایل گروپ کا ملک میں اسکواش کی بحالی کیلئے قومی کھلاڑی نور زمان کی معاونت کا اعلان

پاکستان کے ممتاز ٹیلی کام اور آئی سی ٹی خدمات فراہم کرنے والے ادارے، پی ٹی سی ایل گروپ (پی ٹی سی ایل و یوفون 4G) نے قومی کھیلوں اور اُبھرتے ہوئے باصلاحیت کھلاڑیوں کی سرپرستی کے اپنے دیرینہ عزم کے تحت پاکستان کے نمبر 1 اسکواش کھلاڑی اور انڈر 23 عالمی چمپیئن، نور زمان کے ساتھ شراکت داری کا اعلان کیا ہے ۔

نور زمان اسکواش کے عظیم کھلاڑی قمر زمان کے پوتے ہیں اور موجودہ دور میں اسکواش کے کھیل میں اپنی شاندار صلاحیتوں اور کامیابیوں کیلئے جانے جاتے ہیں۔

ان کی انڈر 23 عالمی اسکواش چمپیئن شپ میں فتح اور بین الاقوامی درجہ بندی میں تیز رفتار ترقی نہ صرف اپنے شعبے میں مثالی کامیابی کی علامت ہے، بلکہ اسکواش کے کھیل میں ایک ناقابل تسخیر عالمی طاقت کے طور پر پاکستان کی بحالی کی اُمید بھی ہے ۔

یہ شراکت داری پی ٹی سی ایل کی جانب سے نوجوان کھلاڑیوں کی اَن کہی مگر متاثر کن کہانیوں کو اجاگر کرنے کی کوششوں کا تسلسل ہے۔

ایتھلیٹکس میں ارشد ندیم سے لے کر قومی ہاکی ٹیم تک پی ٹی سی ایل گروپ نے ہمیشہ پاکستان کے غیر معروف مگر باصلاحیت ہیروز پر اعتماد کیا ہے۔ اب نور زمان کے ذریعے پی ٹی سی ایل ایک بار پھر پاکستان کی پہچان کو عالمی سطح پر اُجاگر کر رہا ہے۔

اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے گروپ چیف کمرشل آفیسر، پی ٹی سی ایل و یوفون4G ، سید عاطف رضا نے کہا، ’’ ہم صرف مثالی صلاحیتوں کی نہیں، بلکہ پاکستان کی حقیقی نمائندگی کرنے والی اقدار اور شناخت کو بھی فروغ دینے کی کوشش کرتے ہیں۔ نور زمان عزم، انکسار اور بہترین صلاحیتوں کے حامل ہیں،

یہ اوصاف ایک باوقار، پُراعتماد اور عالمی سطح پر نمایاں پاکستان کی تشکیل کے ہمارے عزم سے مکمل طو ر پر ہم آہنگ ہیں۔ اس شراکت داری کے ذریعے ہم بین الاقوامی اسکواش میں پاکستان کا اصل مقام دوبارہ حاصل کرنے کے خواہاں ہیں۔‘‘

اسکواش کھلاڑی، نور زمان نے کہا، ’’پی ٹی سی ایل گروپ کے ساتھ یہ شراکت داری میرے لیے صرف ایک کھلاڑی کے طور پر نہیں، بلکہ ایک محب وطن پاکستانی کی حیثیت سے بھی بے حد اہم ہے۔

بین الاقوامی اسکواش میں قومی پرچم کو سربلند کرنا ایک اعزاز اور بھاری ذمے داری ہے۔ پی ٹی سی ایل گروپ کی حمایت مجھے فتح سمیٹنے اور ملک کا نام روشن کرنے کا حوصلہ دے گی۔‘‘

پی ٹی سی ایل گروپ نور زمان کی سرپرستی کے ذریعے نوجوانوں سے اپنی وابستگی، اور بامقصد تبدیلی پر یقین رکھنے والے برانڈ کی حیثیت سے اپنی شناخت کو مزید مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ اُن کھیلوں کی بحالی میں فیصلہ کن کردار ادا کر رہا ہے جو ہماری قومی شناخت کا حصہ ہیں۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!