کرکٹ

ٹیلنٹ ہنٹ کرکٹ ٹرائلز ; سرگودھا اور فیصل آباد میں 35 ہزار سے زائد نوجوانوں کی شرکت

سرگودھا اور فیصل آباد میں 35 ہزار سے زائد نوجوانوں کی شرکت

لاہور: پاکستان میں کرکٹ کا جذبہ ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہا ہے، جہاں وزیراعظم یوتھ پروگرام (PMYP) اور لاہور قلندرز کے اشتراک سے جاری ٹیلنٹ ہنٹ کرکٹ ٹرائلز ملک بھر کے ہزاروں نوجوانوں کو متاثر اور بااختیار بنا رہے ہیں۔

شاہینوں کے شہر سرگودھا سے لے کر پاکستان کے صنعتی مرکز فیصل آباد تک، 35 ہزار سے زائد نوجوان لڑکے اور لڑکیاں ان ٹرائلز میں شریک ہوئے. سرگودھا میں 15 ہزار سے زائد نوجوان کرکٹرز نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی،

جب کہ فیصل آباد نے توقعات سے بڑھ کر 20 ہزار سے زائد کھلاڑیوں کی میزبانی کی۔ یہ ملک گیر مہم PMYP اور لاہور قلندرز کے عالمی شہرت یافتہ پلیئر ڈیولپمنٹ پروگرام (PDP) کا مشترکہ منصوبہ ہے، جو ان نوجوانوں کے لیے مواقع پیدا کر رہا ہے جنہیں ماضی میں نظر انداز کیا گیا۔

لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا نے دونوں شہروں میں زبردست شرکت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا: "سرگودھا اور فیصل آباد میں جو توانائی، ٹیلنٹ اور بڑی تعداد دیکھی گئی، وہ واقعی غیرمعمولی ہے۔ ان شہروں میں ہمیشہ کرکٹ کا جذبہ رہا ہے، مگر اس پلیٹ فارم کے ذریعے ہم اس جذبے کو صحیح سمت میں لے جا رہے ہیں۔

ہم وزیراعظم شہباز شریف، PMYP کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان اور پوری PMYP ٹیم کے انتہائی مشکور ہیں کہ انہوں نے لاہور قلندرز پر اعتماد کیا اور اس قومی مہم کو ممکن بنایا۔ ہمارا پلیئر ڈیولپمنٹ پروگرام جو کبھی ایک خواب تھا، آج دنیا بھر میں ایک ماڈل کے طور پر اپنایا جا رہا ہے۔”

خود نوجوانوں نے وزیراعظم شہباز شریف، رانا مشہود احمد خان اور لاہور قلندرز کا اس بے مثال موقع پر دل سے شکریہ ادا کیا۔ "اب ہم بڑے خواب دیکھ رہے ہیں۔ ہم پہلے سے زیادہ محنت کرنے کے لیے تیار ہیں تاکہ پاکستان کی نمائندگی اعلیٰ سطح پر کر سکیں،” فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان بیٹر نے کہا۔

رانا مشہود احمد خان نے اس منصوبے کے وسیع تر وژن پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا: "یہ پروگرام محض ٹیلنٹ کی تلاش نہیں، بلکہ ایک قومی تبدیلی کی حکمت عملی ہے۔ لاہور قلندرز کے کامیاب PDP ماڈل کے ذریعے ہم نوجوانوں کو وہ پہچان، رہنمائی اور پلیٹ فارم فراہم کر رہے ہیں جس کے وہ مستحق ہیں۔ ہم کیریئرز بنا رہے ہیں، معاشرتی ترقی کو فروغ دے رہے ہیں، اور کرکٹ کے ذریعے پاکستان کو ایک کر رہے ہیں۔”

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!