کرکٹ

آئی سی سی نے تازہ ترین ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے پلیئرز رینکنگ جاری کر دی۔

 انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تازہ ترین ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے پلیئرز رینکنگ جاری کر دی۔

دبئی: آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ رینکنگ کے مطابق زمبابوے کے پاکستانی نژاد آل راؤنڈر سکندر رضا ون ڈے کے نمبر ون آل راؤنڈر بن گئے جبکہ ون ڈے بیٹرز کی رینکنگ میں بھارت کے شبمن گل کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔

تازہ ون ڈے بیٹرز رینکنگ میں بھارت کے روہت شرما دوسرے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ پاکستان کے سابق کپتان بابر اعظم تیسرے نمبر پر ہیں، اسی فہرست میں قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان 26ویں اور فخر زمان 27ویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔

سری لنکا کے پاتھم نشانکا رینکنگ میں 7 درجے ترقی کے ساتھ 13ویں نمبر پر آ گئے ہیں، جنوبی افریقہ کے رسی ون ڈر ڈوسن 3 درجے تنزلی کے بعد 18ویں پوزیشن پر چلے گئے جبکہ ایڈن مارکرم نے بھی 3 درجے بہتری حاصل کرتے ہوئے 20ویں نمبر پر جگہ بنا لی ہے۔

آئی سی سی کی ون ڈے بولرز رینکنگ میں جنوبی افریقہ کے اسپنر کیشو مہاراج بدستور پہلی پوزیشن پر قابض ہیں، جبکہ سری لنکا کے مہیش تھکشانا دوسرے نمبر پر موجود ہیں، انگلینڈ کے فاسٹ بولر جوفرا آرچر نے پہلی بار ٹاپ 20 میں جگہ بنائی ہے اور وہ 19ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی بیٹرز رینکنگ میں بھارت کے ابھیشک شرما کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جبکہ افغانستان کے ابراہیم زدران نے شاندار 12 درجے ترقی کرتے ہوئے 20ویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

پاکستان کے بابر اعظم تین درجے تنزلی کے بعد 21ویں نمبر پر آگئے جبکہ محمد رضوان بھی دو درجے کھو کر 22ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔

حسن نواز نے دو درجے بہتری کے ساتھ 31ویں اور صائم ایوب دو درجے تنزلی کے بعد 40ویں نمبر پر چلے گئے۔ اس کے برعکس قومی ٹیم کے کپتان سلمان آغا نے شاندار چھلانگ لگاتے ہوئے 18 درجے بہتری کے ساتھ 59ویں پوزیشن اپنے نام کر لی۔

ٹی ٹوئنٹی بولرز کی رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی پہلی پوزیشن پر موجود ہیں، پاکستان کے صفیان مقیم 11 درجے ترقی کے بعد 22ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، شاہین شاہ آفریدی آٹھ درجے بہتری کے ساتھ 26ویں جبکہ محمد نواز 15 درجے ترقی کے بعد 43ویں نمبر پر براجمان ہیں۔

آل راؤنڈرز کی فہرست میں بھارت کے ہاردک پانڈیا بدستور پہلے نمبر پر ہیں، جبکہ افغانستان کے تجربہ کار محمد نبی ایک درجہ بہتری کے بعد دوسری پوزیشن پر آگئے۔ پاکستان کے صائم ایوب نے آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں نمایاں بہتری دکھائی اور 9 درجے ترقی کے بعد 14ویں نمبر پر جگہ بنالی۔

ماہرین کے مطابق تازہ رینکنگ پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ تسلسل کے ساتھ کارکردگی دکھائے بغیر ٹاپ پوزیشنز حاصل کرنا ممکن نہیں، تاہم ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کی پیش رفت ٹیم کے لیے ایک مثبت اشارہ ہے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!