جناح لیگیسی پولو کپ 2025: ماسٹر پینٹس اور ایس کیو سی گولڈ/نیو ایج کی شاندار فتوحات

جناح لیگیسی پولو کپ 2025: ماسٹر پینٹس اور ایس کیو سی گولڈ/نیو ایج کی شاندار فتوحات
لاہور : جناح پولو فیلڈز میں جاری جناح لیگیسی پولو کپ 2025 میں منگل کے روز سنسنی خیز مقابلوں کے دوران ماسٹر پینٹس اور ایس کیو سی گولڈ/نیو ایج نے اپنے اپنے حریفوں کو شکست دے کر شاندار فتوحات حاصل کیں۔
پہلے میچ میں ماسٹر پینٹس نے بہترین ٹیم ورک اور شاندار حملہ آور کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے امپیریل پولو کو 5-8 سے ہرایا۔ ماسٹر پینٹس کی جانب سے آغا موسیٰ علی خان نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے چار خوبصورت گول اسکور کیے جبکہ بلال حیات نون نے دو شاندار فیلڈ گول کیے اور ممتاز عباس نیازی نے ایک گول کا اضافہ کیا۔
دوسری جانب امپیریل پولو کے ابراہیم شیخ، ممتاز عباس نیازی، سید عون رضوی اور عمر اسجد مالی نے ایک ایک گول اسکور کیا، تاہم ماسٹر پینٹس کی مضبوط دفاعی حکمت عملی نے میچ پر مکمل گرفت برقرار رکھی اور انہیں مستحق کامیابی دلائی۔
دوسرے میچ میں ایس کیو سی گولڈ/نیو ایج نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چک ریٹریٹ کو 5½-12 سے با آسانی شکست دی۔ فاتح ٹیم کے اسٹار کھلاڑی ثاقب خان خاکوانی نے زبردست فارم کا مظاہرہ کرتے ہوئے سات گول اسکور کیے جن میں ایک اسپاٹ پنلٹی اور کئی شاندار فیلڈ گول شامل تھے۔ تیمور نواز نے دو گول، جبکہ بلال نون اور المن جلیل اعظم نے ایک ایک گول اسکور کیا۔
چک ریٹریٹ کی جانب سے حارث ہارون اور ملک علی کلی خان نے اپنی ٹیم کے لیے گول کیے، تاہم وہ حریف ٹیم کی برق رفتار اور درست نشانے بازی کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹک سکے۔ اگرچہ انہیں ڈیڑھ گول کا ہینڈی کیپ ایڈوانٹیج حاصل تھا، لیکن وہ ایس کیو سی گولڈ/نیو ایج کے جارحانہ کھیل کا مقابلہ نہ کرسکے۔
اس سے قبل افتتاحی روز دو میچز کھیلے گئے تھے جن میں ایف جی/ڈِن نے سیفا لاجسٹکس انٹرنیشنل کو 8½-6 سے شکست دی جبکہ دوسرے میچ میں ریجاس/ماسٹر/آئی ایس نے ٹیم بلوچستان کو 7½-11 سے ہرایا۔



