فسٹ بال ریفری جج اینڈ کوچنگ کورس ختم ; قوانین بارے آگاہ کیا گیا

فسٹ بال ریفری جج اینڈ کوچنگ کورس ختم :قوانین بارے آگاہ کیاگیا
ارسلان علی طارق، عبداللہ مغل نے کورس کے شرکاءکو قواعد و ضوابط،جدید تربیتی طریقہ کار بتایا
مہمان خصوصی طارق محمود اور
خواجہ عبدالرحمن نے کورس میں شرکت کرنے والے افراد میں سر ٹیفکیٹ تقسیم کیے
اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان فسٹ بال فیڈریشن کے زیر اہتمام فسٹ بال ریفری جج اینڈ کوچنگ کورس منعقد کیا گیا۔جس میں نوجوان کھلاڑیوں اور تعلیمی اداروں کے سپورٹس ٹیچرز نے بھر پور شرکت کی۔
خیبر پختونخوا فسٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر ماسٹر محمد صدیق اور جنرل سیکرٹری چوہدری ڈاکٹر محمد اسلم کی زیر نگرانی منعقد ہونے والے ریفری جج اینڈ کوچنگ کورس کی
آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین ناصر محمود صدرابیٹ آباد فسٹ بال ایسوسی ایشن ، ڈاکٹر جاوید اسلم صدراور اکبر خان جنرل سیکرٹری ہری پور فسٹ بال ایسوسی ایشن نے ضلع ابیٹ آباد میں فسٹ بال ریفری جج اینڈ کوچنگ کورس پروفیشنل طریقے سے آرگنائز کیا۔
کورس کا افتتاح مہمان خصوصی سابق ڈائریکٹر جنرل سپورٹس بورڈ خیبر پختونخوا طارق محمود اورخواجہ عبدالرحمن نے کیا۔
اس موقع پر پاکستان فسٹ بال فیڈریشن کے صدر ارسلان علی طارق، سیکرٹری جنرل عبداللہ مغل اور پنجاب فسٹ بال ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری خرم شہزاد ، خیبر پختونخوا فسٹ بال ایسوسی ایشن کے سیکرٹری انفارمیشن شوکت حسین سمیت دیگرافراد بھی موجود تھے۔
ریفری جج اینڈ کوچنگ کورس کے شرکا ءکو پاکستان فسٹ بال فیڈریشن کے صدر انٹر نیشنل میڈلسٹ کھلاڑی ارسلان علی طارق نے فسٹ بال کھیل کی تاریخ اورکھیل کے بنیادی قواعد و ضوابط بارے تفصیل سے آگاہ کیا
جبکہ پاکستان فسٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل عبداللہ مغل نے کھیل میں کوچ کے کردار، کوچنگ سٹائل ،جدید کوچنگ تکنیک،جدید تربیتی طریقہ کار اور فزیکل ٹریننگ کے بارے میں شرکاءکو جامع لیکچردیا ۔
مہمان خصوصی سابق ڈائریکٹر جنرل سپورٹس بورڈ خیبر پختونخوا طارق محمود اورخواجہ عبدالرحمن نے فسٹ بال ریفری جج اینڈ کوچنگ کورس میں شرکت کرنے والے افراد میں سر ٹیفکیٹ تقسیم کیے۔
مہمان خصوصی سابق ڈائریکٹر جنرل سپورٹس بورڈ خیبر پختونخوا طارق محمود نے کہا کہ کسی بھی کھیل کو گراس روٹ لیول سے فروغ دینے کیلئے ریفری جج اور کوچ کا سب سے اہم ترین کردار ہوتا ہے
اسی لیے ریفری جج اینڈ کوچنگ کورس بڑی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں جتنے زیادہ کورس ہوں گے اتنا ہی کھیل ترقی کرتا ہے لہٰذافسٹ بال ریفری جج اینڈ کوچنگ کورس مستقبل میں فسٹ بال کے کھیل کو گراس روٹ لیول سے فروغ دینے کیلئے بہت مددگار ثابت ہوگا۔
مہمان خصوصی خواجہ عبدالرحمن نے کہا کہ کھیل میں نکھار، جدت اورمہارت ایک پروفیشنل کوچ ہی لا سکتاہے جدید تکنیکی تربیت کے ذریعے سے کھلاڑی اپنے کھیل کو نکھار سکتا ہے لہٰذاکوچنگ کے معیار کو بلند کرکے ہی فسٹ بال کے کھیل کو ترقی دی جا سکتی ہے۔
خیبر پختونخوا فسٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر ماسٹر محمد صدیق اور جنرل سیکرٹری چوہدری ڈاکٹر محمد اسلم نے کورس کے اختتام پر مہمانوں ،فسٹ بال فیڈریشن اور ایسوسی ایشن کے عہدیداروں اور ریفری جج اینڈ کوچنگ کورس کے شرکاءکا خصوصی شکریہ ادا کیا ۔



