
پاکستانی ٹیم کویت سٹی ٹیک بال چیلنجر سیریز میں شرکت کے لیے روانہ
پشاور( سپورٹس لنک رپورٹ) انٹرنیشنل ٹیک بال فیڈریشن کے زیر اہتمام کویت سٹی میں ہونے والے ٹیک بال چیلنجر سیریز ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے پاکستانی ٹیم کویت روانہ ہوگئی۔
یہ اہم ایونٹ آئندہ سال رومانیہ میں ہونے والی ورلڈ چیمپئن شپ 2025 اور امریکا میں شیڈول ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کرنے میں بنیادی کردار ادا کرے گا۔
ٹیم کی قیادت محمد اصغر خان کر رہے ہیں جبکہ محمد یاسر اسلام ٹیم آفیشل کے طور پر ٹیم کے ہمراہ ہیں۔ کھلاڑیوں میں ہدایت الرحمان، محمد یاسین اور حسنین ریاض شامل ہیں،
جو ایونٹ میں سنگلز مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ علاوہ ازیں ڈبلز کی کیٹیگری میں پاکستان کے حسنین ریاض اور ہدایت الرحمان کی جوڑی ایکشن میں نظر آئے گی۔
ٹیم آفیشلز نے روانگی سے قبل امید ظاہر کی کہ پاکستانی ایتھلیٹس اس اہم انٹرنیشنل ایونٹ میں شاندار کارکردگی کے ذریعے نہ صرف ملک کا نام روشن کریں گے بلکہ آنے والی عالمی چیمپئن شپ اور ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے میں بھی کامیاب ہوں گے۔



