گالف

جے اے زمان گالف چیمپئن شپ: مطلوب احمد کی حکمرانی، حریفوں کو پچھاڑ کر تیسری بار تاج اپنے سر سجا لیا

جے اے زمان گالف چیمپئن شپ: مطلوب احمد کی حکمرانی،

حریفوں کو پچھاڑ کر تیسری بار تاج اپنے سر سجا لیا

لاہور: لاہور ج خانہ کے سحر انگیز سبزہ زاروں پر منعقدہ 12ویں جے اے زمان میموریل گالف چیمپئن شپ مطلوب احمد کی شاندار فتح کے ساتھ اپنے منطقی انجام کو پہنچی۔

گیریژن گالف کلب کے مطلوب احمد نے فائنل راؤنڈ میں اعصاب شکن مقابلے کے بعد اپنے روایتی حریف محمد شبیر کو پچھاڑ کر تیسری مرتبہ اس باوقار ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

کھیل کے فیصلہ کن لمحات میں مطلوب احمد کی ‘ایگل پٹ’ نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا، جہاں سے انہوں نے پیچھے مڑ کر نہ دیکھا اور مجموعی طور پر 18 انڈر پار کا ناقابلِ یقین اسکور کر کے میدان مار لیا۔

محمد شبیر اپنی تمام تر مہارت کے باوجود مطلوب کی جارحانہ حکمتِ عملی کے سامنے بے بس نظر آئے، جبکہ منہاج نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

ٹورنامنٹ کے دیگر مقابلوں میں طارق نے سینئر پروفیشنلز میں مسلسل چوتھی بار اپنی برتری ثابت کی، جبکہ جونیئر کیٹگری میں کراچی کے اشعر فاتح رہے۔ رواں برس پہلی بار متعارف کرائی گئی ‘لیڈیز پروفیشنلز’ کیٹگری میں زیب النساء نے پہلی فاتح ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف پیٹرن حامد زمان نے کہا کہ 600 سے زائد کھلاڑیوں کی شرکت نے اس ایونٹ کو ملک کا سب سے بڑا گالف میلہ بنا دیا ہے۔

انہوں نے اپنے والد جے اے زمان مرحوم کی یادوں کو تروتازہ کرتے ہوئے گالف کے فروغ کے لیے خاندان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ یہ چیمپئن شپ نہ صرف کھیل کا مقابلہ تھی بلکہ پاکستان میں گالف کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت بن کر ابھری۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!