
پاکستان کا 79واں جشن آزادی قوم کو مبارک
پاکستان کے 79ویں یوم آزادی کے موقع پر سرکاری عمارتوں، گھروں اور بازاروں کو قومی پرچموں اور سبز ہلالی پرچموں سے سجا دیا گیا ہے۔
ملک کا ہر شہر ،ہر گلی،محلہ سبز ہلالی پرچم کے رنگوں میں رنگ گیا۔ کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور ملتان سمیت ملک کے کونے کونے میں چراغاں اور آتش بازی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے۔
یوم آزادی منانے شہری سڑکوں پرنکل آئے، جگہ جگہ جشن آزادی پر ریلیاں نکالی گئیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مسلح افواج کی جانب سے بھی قوم کو 79ویں یوم آزادی پر دلی مبارکباد پیش کی گئی ہے۔
مسلح افواج نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور تحریک آزادی کے تمام اکابرین کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
مسلح افواج کا کہنا ہے کہ قائد اعظم اور بانیان پاکستان کا وژن، عزم اور حوصلہ آج بھی قوم کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہے، پاکستان کی آزادی کو حقیقت بنانے والے تمام شہدا، قربانیاں دینے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔



