14 سال بعد پاکستان نے ویمنز جونیئر ایشیا کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کرلیا
یہ کامیابی نوجوان کھلاڑیوں کی محنت اور عزم کا نتیجہ ہے، جس سے مستقبل میں بھی بین الاقوامی سطح پر بہتر نتائج کی امید کی جا رہی ہے۔فیڈریشن

پاکستان ویمنز جونیئر ہاکی ٹیم نے 14 سال بعد ایشیا کپ کے لیے کوالیفائی کر لیا.
مسقط: پاکستان ویمنز جونیئر ہاکی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 14 سال بعد ویمنز جونیئر ایشیا کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ ایشین ہاکی فیڈریشن نے ویمنز جونیئر اے ایچ ایف کپ 2026 کے اختتام پر پاکستان کی اہلیت کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔
پاکستان نے ویمنز جونیئر اے ایچ ایف کپ میں عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ایشیا کپ میں جگہ بنائی۔
اس کامیابی کے ساتھ قومی ویمنز جونیئر ٹیم 2012 کے بعد پہلی مرتبہ ویمنز جونیئر ایشیا کپ میں شرکت کرے گی، جسے پاکستان میں خواتین کی ہاکی کی ترقی کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
ایشین ہاکی فیڈریشن کے مطابق ویمنز جونیئر اے ایچ ایف کپ 2026 کامیابی سے اختتام پذیر ہوا، جس کے بعد ایشیا کپ کے لیے کوالیفائی کرنے والی ٹیموں کی تصدیق بھی کر دی گئی۔
پاکستان کی واپسی ایشیائی سطح پر خواتین کی ہاکی میں قومی ٹیم کے لیے اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور عالمی سطح پر آگے بڑھنے کا ایک بہترین موقع ثابت ہوگی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے اس کامیابی پر قومی ویمنز جونیئر ٹیم، کوچنگ اسٹاف اور انتظامیہ کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان میں خواتین کی ہاکی کی بحالی اور ترقی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن ویمنز ہاکی کے فروغ کے لیے اپنی کاوشیں مزید تیز کرے گی تاکہ قومی ٹیم آئندہ بھی بین الاقوامی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کرے۔
انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ فیڈریشن خواتین کی ہاکی کے کھلاڑیوں کو بہتر تربیت، جدید سہولیات اور زیادہ سے زیادہ بین الاقوامی مواقع فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی تاکہ پاکستان ایشیائی اور عالمی سطح پر ایک مضبوط قوت کے طور پر ابھرے۔



