
پی سی بی کا تمام ریجنز کو فرسٹ کلاس کرکٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈنے تمام ریجنز کو دوبارہ فرسٹ کلاس کرکٹ کے نظام میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس پر صدر لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن خواجہ ندیم احمد نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے ڈومیسٹک کرکٹ کے لیے تاریخی اقدام قرار دیا ہے۔
صدر لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن خواجہ ندیم احمد نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے تمام ریجنز کو فرسٹ کلاس کرکٹ میں شامل کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی نے قابلِ تحسین اور تاریخی اقدام اٹھایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی سی بی کی جانب سے ڈومیسٹک کرکٹ کا نیا ڈھانچہ بہت اچھا ہے اور وہ چیئرمین پی سی بی سید محسن رضا نقوی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
خواجہ ندیم احمد نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی سید محسن رضا نقوی اور ڈومیسٹک ڈیپارٹمنٹ بھرپور مبارکباد اور داد کے مستحق ہیں، جبکہ نئے ڈومیسٹک اسٹرکچر کا اعلان پی سی بی کے روشن مستقبل کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام ریجنز کو دوبارہ فرسٹ کلاس کرکٹ کے نظام میں شامل کرنا اچھا فیصلہ ہے، جس سے ملک بھر کے ہزاروں باصلاحیت نوجوان کرکٹرز کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا۔
ان کے مطابق یہ فیصلہ پاکستان میں علاقائی کرکٹ کو مزید مضبوط بنانے، میرٹ کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کو قومی دھارے میں لانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
خواجہ ندیم احمد نے کہا کہ رواں سیزن سے قائداعظم ٹرافی کو دو درجوں میں تقسیم کیا گیا ہے، جس کے تحت قائداعظم ٹرافی گولڈ میں 8 ٹیمیں جبکہ قائداعظم ٹرافی سلور میں 12 ٹیمیں حصہ لیں گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کبھی کمی نہیں رہی، ضرورت صرف بہتر مواقع فراہم کرنے کی تھی۔ اس فیصلے کے بعد باصلاحیت کھلاڑیوں کو فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کا موقع ملے گا، جس کے مثبت اثرات مستقبل میں قومی ٹیم پر بھی نمایاں ہوں گے۔



