
سچن ٹنڈولکر کا ایک اور بڑا ریکارڈ جو روٹ کے نام، کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کردی
کرکٹ کی دنیا میں جو روٹ کا نام ایک اور بڑے ریکارڈ کے ساتھ جڑ گیا ہے۔انگلینڈ کے اسٹار بیٹر جو روٹ نے سری لنکا کے خلاف پہلے ون ڈے میں ایک اور بڑا سنگِ میل عبور کرتے ہوئے سچن ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑ دیا۔
روٹ نے کم اننگز میں 23 ہزار بین الاقوامی رنز مکمل کرکے کرکٹ کی تاریخ میں اپنی جگہ مزید مضبوط کرلی۔چیسٹر لی اسٹریٹ میں سری لنکا کے خلاف میچ کے دوران جو روٹ نے اپنے بین
الاقوامی کیریئر کے 23 ہزار رنز مکمل کیے اور یہ اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے آٹھویں جبکہ انگلینڈ کے پہلے بیٹر بن گئے۔روٹ نے یہ سنگِ میل 521 اننگز میں حاصل کیا،
جبکہ بھارت کے سابق عظیم بیٹر سچن ٹنڈولکر نے 522 اننگز میں 23 ہزار بین الاقوامی رنز مکمل کیے تھے۔ یوں روٹ نے تیز ترین 23 ہزار انٹرنیشنل رنز بنانے والے بیٹرز کی فہرست میں ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑ دیا۔
اس فہرست میں بھارت کے ویرات کوہلی سب سے آگے ہیں، جنہوں نے 490 اننگز میں 23 ہزار رنز مکمل کیے تھے۔ روٹ سے قبل سچن ٹنڈولکر، ویرات کوہلی، کمار سنگاکارا، رکی پونٹنگ، مہیلا جے وردھنے، جیک کیلس اور راہول ڈریوڈ بھی 23 ہزار انٹرنیشنل رنز کا سنگِ میل عبور کرچکے ہیں۔
سری لنکا کے خلاف پہلے ون ڈے میں 35 سالہ جو روٹ نے 52 گیندوں پر 44 رنز بنائے، جس میں 5 چوکے شامل تھے۔ اس سنگِ میل کے بعد ان کے مجموعی بین الاقوامی رنز کی تعداد 23 ہزار 41 ہوگئی ہے۔
جو روٹ اس سے قبل بھی سچن ٹنڈولکر کے کئی ریکارڈ اپنے نام کرچکے ہیں،
اور تازہ کامیابی نے دونوں عظیم بیٹرز کے درمیان ریکارڈز کی دوڑ میں ایک اور اہم باب کا اضافہ کردیا ہے۔23 ہزار انٹرنیشنل رنز کا سنگِ میل اور ٹنڈولکر کا ریکارڈ پیچھے چھوڑنا جو روٹ کے شاندار بین الاقوامی کیریئر میں ایک اور نمایاں کامیابی بن گیا۔



