
آئی ایل ٹی20 آکشن، بابر اعظم، فخر زمان، نسیم شاہ اور حارث رؤف مہنگے ترین پلیئرز میں شامل
دبئی، انٹرنیشنل لیگ ٹی ٹوئنٹی کے پانچویں سیزن کی پلیئرز نیلامی یکم اکتوبر کو دبئی میں ہوگی ،ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے بڑے ستارے ایک بار پھر ایکشن میں آنے کو تیار ہیں،
انٹرنیشنل لیگ ٹی ٹوئنٹی کے پانچویں سیزن کے لیے پلیئرز آکشن کی فہرست جاری کردی گئی ہے، جس میں بابر اعظم سمیت پاکستان اور دنیا بھر کے کئی بڑے کرکٹرز شامل ہیں۔
ڈی پی ورلڈ انٹرنیشنل لیگ ٹی ٹوئنٹی کے پانچویں سیزن کی پلیئرز نیلامی یکم اکتوبر کو دبئی کی آئی سی سی اکیڈمی میں ہوگی، جس میں 23 ممالک کے 200 سے زائد کرکٹرز ایکشن میں ہوں گے۔
نیلامی کے لیے کھلاڑیوں کو 80 ہزار، 40 ہزار اور 10 ہزار امریکی ڈالرز کی بنیادی قیمت کے تین گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ 80 ہزار ڈالرز کی سب سے بڑی بیس پرائس میں بابر اعظم کے ساتھ فخر زمان، نسیم شاہ، فل سالٹ، ٹام بینٹن،
رحمان اللہ گرباز، وانندو ہسارنگا، فاف ڈو پلیسی، لیام لیونگ اسٹون، معین علی، جونی بیئرسٹو، ایلیکس ہیلز اور کرس ووکس سمیت کئی بڑے نام شامل ہیں۔
40 ہزار ڈالرز والے گروپ میں پاکستان کے شاداب خان اور حسن نواز کے علاوہ ابراہیم زادران، جےڈن سیلز، تبریز شمسی،
کوشل پریرا اور گل بدین نائب جیسے کھلاڑی شامل ہیں۔ 10 ہزار ڈالرز کی کیٹیگری میں ریزا ہینڈرکس، مہدی حسن میراز، جارج منسی، ایش سودھی اور میتھیو پوٹس سمیت دیگر کرکٹرز موجود ہیں،
جبکہ متحدہ عرب امارات، کویت اور سعودی عرب کے تمام کھلاڑی اسی بنیادی قیمت سے نیلامی میں شامل ہوں گے۔لیگ کے قواعد کے مطابق ہر فرنچائز کو کم از کم 18 اور زیادہ سے زیادہ 23 کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ مکمل کرنا ہوگا۔
ہر ٹیم کو متحدہ عرب امارات کے کسی ایک سابق کھلاڑی کے لیے رائٹ ٹو میچ کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔پلیئنگ الیون میں کم از کم دو یو اے ای، دو افغان اور ایک مزید ایسوسی ایٹ ملک کے کھلاڑی کو شامل کرنا بھی لازمی ہوگا۔
نیلامی میں تمام فرنچائزز کو مختلف مالی بجٹ دیے گئے ہیں، جبکہ ایم آئی ایمریٹس سب سے بڑے پرس کے ساتھ میدان میں اترے گی۔آئی ایل ٹی ٹوئنٹی کے پانچویں سیزن کا آغاز 21 نومبر سے ہوگا، جبکہ ایونٹ کا فائنل 20 دسمبر کو شیڈول ہے۔



