کوالالمپور(سپورٹس لنک رپورٹ): ویمنز ٹی20 ایشیا کپ میں پاکستانی ٹیم کو بنگلہ دیش کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ بھارت اور سری لنکا نے مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی۔ملائیشیا میں جاری ایونٹ کے دوسرے روز کھیلے گئے ایک میچ میں بنگلہ دیش ویمنز نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دی۔پاکستانی ویمنز ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 95 رنز بنائے، سابق کپتان ثنا میر 21 اور ندا ڈار 17 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔دیگر کھلاڑیوں میں جویریہ خان 18، ناہیدہ خان 13، منیبہ علی 7، کپتان بسمعہ معروف 11 اور کائنات امتیاز 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں جبکہ بنگلہ دیش کی جانب سے ناہیدہ اختر نے 2 وکٹیں لیں۔جواب میں بنگلہ دیشی ویمن ٹیم نے مطلوبہ ہدف 17.5 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، نیگر سلطانہ 31 اور فہیمہ خاتون 23 رنز بنا کر ناقابل شکست رہیں۔ایک اور میچ میں بھارتی ویمنز نے تھائی لینڈ کو 66 رنز سے ہرا کر مسلسل دوسری کامیابی سمیٹی جبکہ سری لنکا ویمنز نے میزبان ملائیشیا کو 90 رنز سے زیر کر کے کامیابیوں کا سلسلہ برقرار رکھا۔