ویلنگٹن: (سپورٹس لنک رپورٹ)کرکٹ ورلڈ کپ کے آغاز میں اب ایک سال سے بھی کم کا عرصہ رہ گیا ہے اور ایسے موقع پر نیوزی لینڈ کی ٹیم کے مایہ ناز کرکٹ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔مائیک ہیسن نے جمعرات کو اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ کے مطالبات اور سخت شیڈول سے اپنی نجی زندگی متاثر ہوئی ہے لہٰذا وہ اب اپنی بیوی اور دو بیٹیوں کے ساتھ وقت گزارنا چاہتے ہیں۔مائیک ہیسن نے 20 جولائی 2012 میں کیویز ٹیم کی کوچنگ شروع کی اور تقریباً 6سال بعد 7 جون 2018 کو اپنے عہدے کو خیر باد کہہ دیا۔ چھ سال تک ہیسن کی کوچنگ کے دوران نیوزی لینڈ کی ٹیم تاریخ میں پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی۔ان کی کوچنگ نیوزی لینڈ نے کرکٹ میں نئی بلندیوں کو چھوا خصوصاً سابق کپتان برینڈ میک کولم کے ساتھ ان کی جوڑی بہت کامیاب رہی اور دونوں نے مل کر ٹیم کو جارحانہ طرز کرکٹ کی ڈگر پر گامزن کر کے کامیابیوں سے ہمکنار کرایا۔مائیک ہیسن کی کوچنگ کے دوران کیویز ٹیم نے 21 ٹیسٹ جیتے اور 21 میں ہی اس کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ 65 ایک روزہ بین الاقوامی میچز میں نیوزی لینڈ کی ٹیم فاتح رہی اور 46 میچوں میں اس کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔اس کے علاوہ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مائیک ہیسن کی کوچنگ میں 56 ٹونٹی میچوں میں سے 30 میں کامیابی حاصل کی جبکہ 26 میں ناکام رہی۔